' آریان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں' بمبئی ہائیکورٹ

' آریان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں' بمبئی ہائیکورٹ

بمبئی ہائی کورٹ نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کا  تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے آریان کی ضمانت کےکیس میں ضمانت کے حکم کے ساتھ 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں واضح کیا ہےکہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے پاس آریان اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔

 

خیال رہےکہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔

 

 بعد ازاں  بمبئی ہائی کورٹ نے ایک لاکھ روپےکے ضمانتی مچلکوں کے عوض آریان خان کی ضمانت منظور کی تھی جس پر وہ 26 دن جیل میں رہنےکے بعد جیل سے رہا ہوئے تھے۔

 

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 'این سی بی کی جانب سے ایسا کوئی ثبوت عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ تمام ملزمان غیر قانونی کام کرنے کی مشترکہ نیت رکھتے ہیں‘۔

 

عدالت نے مزید کہا کہ 'صرف اس لیے کہ آریان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ اور مونمُن دھمیچا ایک ہی کروز پر تھے، یہ خود ان کے خلاف سازش کے الزام کی بنیاد نہیں بن سکتا۔'

 

بمبئی ہائی کورٹ نے اپنے14صفحات پر مشتمل ریلیز آرڈر میں یہ بھی کہا ہےکہ این سی بی تفتیشی افسر کے ذریعہ ریکارڈ کیےگئے تمام ملزمان کے اعترافی بیانات پر بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔