کابل کی درسگاہ میں امتحان کے دوران خودکش دھماکا، 19جاں بحق

کابل کی درسگاہ میں امتحان کے دوران خودکش دھماکا، 19جاں بحق

افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک درسگاہ میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق  ہو گئے۔

 

 

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خودکش دھماکا افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہزارہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں تعلیمی ادارے کے باہر ہوا جہاں داخلہ ٹیسٹ جاری تھے۔

 

کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آکر اب تک 19 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 27 زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی دہشت گرد گروپ نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں ہزارہ برادی پر ہونے والے اکثر حملوں کی ذمہ داری داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں نے قبول کی تھی۔

 

واضح رہے کہ 2021 میں طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغان عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ کچھ مہینوں میں تواتر سے مساجد اور شہری علاقوں میں دھماکے ہوئے ہیں۔

 

 

 

دھماکے کے بعد واقعے کی ویڈیو  اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جا رہی ہیں جبکہ افغان سکیورٹی فورسز نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔