پارا چنار میں مختلف واقعات میں سرکاری اسکولوں کے 8 اساتذہ قتل

پارا چنار میں مختلف واقعات میں سرکاری اسکولوں کے 8 اساتذہ قتل

پارا چنار میں مختلف واقعات میں سرکاری اسکولوں کے 8 اساتذہ قتل کردیئے گئے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کدی گئی، ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

 

پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع پارا چنار میں مختلف واقعات میں سرکاری اسکولوں کے 8 اساتذہ کو قتل کردیا گیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے شلوزان روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک ٹیچر کو قتل کیا جبکہ واقعے کے بعد تری مینگل ہائی اسکول کے اندر اسٹاف روم میں فائرنگ سے 7 اساتذہ جاں بحق ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کردئیے گئے جبکہ اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق مقتول تمام اساتذہ امتحانی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ مقامی تعلیمی بورڈ کے مطابق پارا چنار میں 28 اپریل سے جاری کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے۔

 

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے پارا چنار میں بے گناہ اساتذہ کے قتل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ سکول احاطے کے اندر اساتذہ کو نشانہ بنانا دلخراش اور افسوسناک ہے۔

 

معماران قوم کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہيں۔

 

صوبائی صدر اے این پی نے اپر کرم میں سکول میں امتحانی ڈیوٹی کیلئے موجود اساتذہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ پر حملے کرنے والے علم  اور امن کے دشمن ہیں۔ یہ گھناؤنا عمل قوم کے بچوں کے مستقبل کو اندھیروں میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔

 

حکومت اور متعلقہ ادارے ذمہ داران کا تعین کرے اور انکو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے کہ مستقبل میں کوئی ایسا سوچے بھی نہیں۔ اے این پی دکھ کے لمحات میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ شریک ہے۔