
افغان صوبہ بلخ میں دھماکے سے طالبان گورنر جاں بحق
افغانستان کے صوبہ بلخ میں دھماکے کے نتیجے میں طالبان کے اہم رہنما اور گورنر مولوی محمد داد مزمل جاں بحق ہوگئے ہیں ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان صوبہ بلخ کے صدر مقام مزار شریف میں گورنر آفس کی عمارت میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں صوبے کے گورنر مولوی محمد داد مزمل اور دیگر 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
بلخ پولیس کے ترجمان محمد آصف وزیری نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا جمعرات کی صبح 9 بجے کے قریب گورنر آفس کی دوسری منزل میں ہوا۔
محمد آصف وزیری نے کہا کہ دھماکے کی وجہ فوری طور پر بتائی نہیں جاسکی ۔ پولیس تفتیش کر رہی ہے اور صورت حال واضح ہونے پر مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
مولوی محمد داد مزمل کا شمار طالبان کے اہم رہنما کے طور پر کیا جاتا ہے ، وہ نائب وزیر داخلہ اور ننگرہار کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔