قوم سے بھیک منگوانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، حیدر ہوتی

قوم سے بھیک منگوانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، حیدر ہوتی

پشاور(نیوز رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پوری قوم سے احساس پروگرام میں بھیک منگوانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس منصوبے کی جانب پیش قدمی ہے۔

 

امیر حیدر خان ہوتی  نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ کے دوران  چھ دفعہ مہنگائی کی ماری عوام پر پٹرول بم گرانا ظلم کی انتہا ہے۔ ماضی میں قیمتوں میں اضافے پر زمین آسمان ایک کرنے والے آج قیمتوں میں اضافے کی فضیلتیں بیان کررہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔

 

انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام دشمنی ہے۔ مہنگائی کی ماری ہوئی عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کیلئے حیران  و پریشان ہے، اب رہی سہی کسر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے پوری ہوجائے گی۔ موجودہ حالات میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر 15 دن بعد قیمتوں میں عیارانہ اضافہ کرکے قوم کو بیو قوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ اوگرا قیمتوں میں ساڑھے دس روپے فی لٹر اضافے کی سمری بھیجتا ہے، کپتان اوگرا کی سمری سے کچھ تناسب کم کرکے اضافہ کردیتے ہیں اور حکومتی ترجمان واہ واہ کرنے لگ جاتے ہیں کہ وزیراعظم  نے اوگرا کی سمری مسترد کردی ہے۔ حالیہ اضافہ مہنگائی کے اس دور میں عوام پر ظلم کے مترادف ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ وہ معاشی افلاطون اب قوم کے وزیر ہیں جو 65 روپے پٹرول پر سابقہ حکومتوں پر تنقید کیا کرتے تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں نے عوام کومالی طور پر دیوالیہ کردیا ہے۔ ملکی معیشت کے ساتھ آئی ایم ایف کی ایما پر نت نئے ناکام تجربات کئے جارہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافے  نے صحت جیسی بنیادی سہولت بھی عام عوام کی پہنچ سے دور کردی ہے۔ عوام بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ عوام کی قوت خرید آٹا، گھی اور دیگر ضروریات زندگی پوری کرنے کے قابل نہیں رہی۔ غربت کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور غریب لوگوں خودکشیوں پر مجبور ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی اور اخلاقی طور پر ان کو مستعفی ہونا چاہیئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔