اے این پی کا بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان

 اے این پی کا بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان

پشاور(شہباز نیوز)  عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کے خلاف19ستمبر 2021 بروز اتوار صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔

 

صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ناروا مہنگائی کے خلاف احتجاج میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کی تنظیمیں اور تمام ذیلی تنظیموں کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ بھرپور محنت کریں اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیں اور عوامی مسائل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں اور موجودہ حکومت کو عوام دشمن فیصلے واپس لینے پر مجبور کریں۔

 

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہاہے کہ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے ، آئے روز قیمتوں میں اضافے نے عوام کو ذہنی طور پر پریشان کردیا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لیں اور غریب عوام کو جینے کا حق دیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام دشمن فیصلے و پالیساں ترک کرنی ہوں گی کیونکہ ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گذشتہ تین مہینوں کے دوران چھ بار اضافہ کیا گیا جو مجموعی طور پر ابھی تک 160فیصد اضافہ ہے جبکہ دوسری طرف بے روزگاری اور غربت میںاضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت غربت کی بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام مزید اس حکومت اور انکی غلط پالیسیوں کو برداشت کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔