اے این پی کا الیکشن کمیشن سے  ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ایکشن لینےکا مطالبہ

اے این پی کا الیکشن کمیشن سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ایکشن لینےکا مطالبہ

پشاور۔۔ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد حکومتی وزراء، وزیراعلیٰ اور اراکین کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

 

صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جہاں انتخابات ہورہے ہیں وہاں وزیراعلیٰ خود جا کر جعلی ترقیاتی کاموں کے اعلانات کررہے ہیں، وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراٰء، ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی ان دوروں میں شامل ہوتے ہیں۔حکومتی ایم این ایز اور ایم پی ایز پی ٹی آئی امیدواران کے مہم میں موجود ہوتے ہیں۔

 

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت اور حکومتی نمائندے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال، ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جارہا ہے۔زکوة فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم بھی جاری ہے، انتخابات کو متنازعہ بنایا جارہا ہے۔

 

مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور حکومتی نمائندوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بنائے۔