
اے این پی وفد کی ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات
ماسکو۔۔۔ عوامی نیشنل پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کے روز روسی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی۔ اے این پی وفد کی قیادت صدر اے این پی خیبرپختونخوا ایمل ولی خان نے کی۔ دیگر اراکین میں مرکزی سیکرٹری مالیات سینیٹر حاجی ہدایت اللہ، جنرل سیکرٹری (خیبرپختونخوا) سردارحسین بابک، سینئر نائب صدر (بلوچستان) سینیٹر ارباب عمرفاروق، سابق صوبائی وزیرجنگلات واجد علی خان اور اے این پی روس کے صدر نوید خان شامل تھے۔
روسی وزارت خارجہ کے وفد میں وزارت خارجہ سیکنڈ ایشیا ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر البرٹ خوریو اور ہیڈ آف ڈیسک الیگزینڈر دیاگلیو شامل تھے۔ دونوں وفود کے درمیان پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات، مسائل اور تعاون کے ساتھ ساتھ افغانستان کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اے این پی وفد نے پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے روسی وفد کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر اے این پی بلوچستان کے سینئر نائب صدر سینیٹر ارباب عمرفاروق نے بلوچستان کے مسائل سے وفد کو آگاہ کیا۔ سینیٹر ارباب عمرفاروق نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کے دیرینہ مسائل بالخصوص بجلی اور سولر سسٹم کی فراہمی کے حوالے سے روسی وزارت خارجہ کے حکام سے تفصیلی گفتگو کی۔
اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دیرینہ تعلقات اس خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ افغانستان کو درپیش مسائل کا اثر پورے خطے پر پڑے گا اور روس سمیت عالمی طاقتوں کو افغانستان کے عوام کی مدد کرنی ہوگی کیونکہ افغانستان کے عوام کو انسانی بحران کا سامنا ہے۔
اے این پی وفد نے روسی وزارت خارجہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی جو قبول کی گئی اور جلد ہی روسی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور باچاخان مرکز پشاور کا بھی دورہ کریں گے۔