خیبر پختونخوا  جنگلات میں آگ کے واقعات، اے این پی کا تحقيقات کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ

خیبر پختونخوا جنگلات میں آگ کے واقعات، اے این پی کا تحقيقات کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ

پشاور(ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع کے جنگلات میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران آگے لگنے کے واقعات بارے توجہ دلاؤنوٹس صوبائی اسمبلی میں جمع کرادیا ہے۔ توجہ دلاؤ نوٹس اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان کی جانب سے جمع کرایا گیا۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شانگلہ، سوات، بونیر، بٹگرام اور دیگر اضلاع میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران آگ لگنے کے واقعات تواتر کے ساتھ رونما ہوئے ہیں۔ ضلع شانگلہ میں ان واقعات سے جنگلات کے ساتھ عوام کا بھی جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ ضلع شانگلہ ہی میں جنگلات کی آگ کے باعث ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید ہوچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آگ بجھانے کے عمل کے دوران ایک ریسکیو اہلکار بھی شہادت پاچکا ہے لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں، جسکی وجہ سے عوام میں سخت بے چینی اور پریشانی پائی جارہی ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ جنگلات میں آگ لگانے کی گھنانی سازشوں کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان واقعات کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے اور ان سے فوری رپورٹ طلب کی جائے۔ نوٹس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ آگ لگنے کے واقعات میں شہید ہونے والے ریسکیو اہلکار اور عام شہریوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے۔