اے این پی پختونوں کے وسائل پر کسی قسم کا سودا کرنے کو تیار نہیں ایمل ولی خان

اے این پی پختونوں کے وسائل پر کسی قسم کا سودا کرنے کو تیار نہیں ایمل ولی خان

لکی مروت۔۔۔ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی پختونوں کے وسائل پر کسی قسم کا سودا کرنے کو تیار نہیں ۔حقوق کی بات کرنے کی پاداش میں اے این پی کا راستہ روکا جاتا ہے اور ان کو پارلیمان سے باہر رکھا جاتا۔ پختونوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے ان پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔

 

ایمل ولی خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے دوگنی بجلی پیدا کررہی ہے لیکن عوام اس نعمت سے محروم ہیں۔ گندم پنجاب میں پیدا ہوتا ہے جب کبھی قلت پیدا ہونے لگتی ہے سب سے پہلے پختونوں کو گندم کی سپلائی روک دی جاتی ہے۔ اگر پنجاب اپنے عوام کیلئےیہ اقدام اٹھا سکتا ہےتو پختونخوا کو بجلی کی شکل میں یہ حق کیوں حاصل نہیں؟

 

دورہ لکی مروت کےدوسرے روز تحصیل غزنی خیل میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےایمل ولی خان نے کہا کہ پختونوں کی سرزمین قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ان پر اختیار کسی اور کا ہے۔ وسائل پختونوں کی سرزمین میں پیدا ہوتے ہیں لیکن مزے کوئی اور کررہا ہے۔ باچا خان نے اس زمانے میں پختونوں کے وسائل پر انکے اختیار کی بات کی تھی جب انگریز اس سرزمین پر قابض تھا۔ انگریز چلا گیا، آج وسائل پر انکے وفادار قابض ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پختونوں کو انکے وسائل پر انکے اختیار کا آئینی حق اٹھارہویں آئینی ترمیم نے دیا ہے ۔ وفاق کے ذمے بجلی اور گیس رائلٹی کی مد میں اربوں روپے بقایا ہیں لیکن پچھلے آٹھ سال سے صوبائی حکومت خاموش تماشائی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مذہب کا نام استعمال کرکے پختون قوم کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ ذاتی مفادات کیلئے اسلام کا نام استعمال کرنے والے اسلامی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔پختون خطے میں جہاد کے خواہشمند فلسطین جاکر اسرائیل کے خلاف جہاد کرے۔ پختونوں کو بیدار رہنا ہوگا اور اپنے دوست  دشمن کی پہچان کرنی ہوگی۔ علماءحق پختون قوم کو گمراہی سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

 

انہوں نے کہا کہ آپسی رنجشوں کو پس پردہ ڈالے بنا خوشحالی کی امید عبث ہے۔ پختونوں کو اپنے آنے والی نسلوں کی خاطر بیدار ہونا پڑے گا اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ عوامی نیشنل پارٹی خدائی خدمتگار تحریک کا تسلسل ہے۔ اپنے اکابرین کی جدوجہد کو مشعل راہ بنا کر پختون قوم کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔