جبری گمشدگیوں کیخلاف اے این پی آج صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی

جبری گمشدگیوں کیخلاف اے این پی آج صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی

پشاور(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں آج بروز جمعرات جبری گمشدگیوں، ٹارگٹ کلنگ اور لینڈ مائینز کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

 

 صوبائی صدر ایمل ولی خان کی ہدایات پر اے این پی ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پریس کلب کے سامنے اپنے احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کرائیں گے، اس سلسلے میں تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

 

احتجاجی مظاہروں میں مکین، جانی خیل اور ہمزوئی میں دھرنے پر بیٹھے عوام سے اظہار یکجہتی بھی کی جائے گی۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان چارسدہ میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے۔ احتجاجی مظاہروں میں عوامی نیشنل پارٹی کی تمام ذیلی تنظیمیں اور عام عوام بھرپور شرکت کرے گی۔

 

صوبائی صدر خیبرپختونخوا ایمل ولی خان نے پچھلے دن سابق صوبائی ترجمان صدرالدین مروت کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس کے موقع پر ملک بھر میں جاری بدامنی اور لاقانونیت پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور10جون کو صوبہ بھر بالخصوص ضم اضلاع میں جاری بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف ضلعی سطح پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان واقعات سے پختونوں میں جاری احساس محرومی میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔  

 

یاد رہے اے این پی نے اس سے پہلے فروری کے مہینے میں بھی لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے لئے ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔