بدترین مہنگائی، اے این پی کا13اکتوبر کو صوبہ بھر میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

بدترین مہنگائی، اے این پی کا13اکتوبر کو صوبہ بھر میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

پشاور(نیوز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ صوبہ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بدھ 13 اکتوبر کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ملک میں ہوشربا مہنگائی کے خلاف احتجاجی کیمپس لگائے جائیں گے۔

 

ان احتجاجی کیمپس میں مہنگائی کے خلاف پلے کارڈز، بینرز اور فلیکسز اویزاں کئے جائیں گے۔اس احتجاجی کیمپ میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ مہنگائی ایک قومی مسئلہ ہے۔

 

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔ان کیمپس میں حکومت کی ناقص پالیسیوں اور عوامی مشکلات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔اے این پی عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے عوام ہی کے درمیان رہ کر کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس بروز پیر 18 اکتوبر کو سہ پہر 2 بجے باچاخان مرکز پشاور میں طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت صوبائی صدر ایمل ولی خان کریں گے۔

 

صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں تنظیمی امور ، صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مہنگائی پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ بیان میںتمام اراکین کوکابینہ اجلاس میں بروقت شرکت کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔