اے این پی پختونوں کے حقوق کیلئے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرے گی، ایمل ولی خان

اے این پی پختونوں کے حقوق کیلئے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرے گی، ایمل ولی خان


عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی پختونوں کے حقوق کیلئے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔ اے این پی کی تاریخ ہے کہ ہر قسم کے حالات میں قوم کی وکالت کی ہے۔ یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنی شناخت، امن اور قوم کے مستقبل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

 

باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی میٹروپولیٹن یوتھ پشاور کے زیر اہتمام ہفتہ باچا خان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اے این پی آنے والے انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ 

 

پاکستان کی تاریخ میں اے این پی کا جتنا میڈیا ٹرائل  ہوا ہے اور کسی کا نہیں ہوا۔ غداری کے فتوں اور مقدموں کا بھی سب سے زیادہ سامنا اے این پی نے ہی کیا ہے۔ 

 

اے این پی کو ختم کرنے کیلئے مختلف ادوار میں طرح طرح کی سازشیں ہوئیں لیکن کسی کو کامیابی نصیب نہیں ہوئی،سازشی عناصر پارلیمان جانے سے ہمیں روک سکتے ہیں لیکن اپنے نظریئے اور فلسفے سے ہمیں نہیں ہٹا سکتے۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ  عوامی نیشنل پارٹی عام انتخابات میں انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لے گی۔اے این پی اس وقت بھی میدان میں تھی جب پورے پختونخوا پر دہشتگرد قابض تھے۔ دہشتگرد ہمارے امیدواروں اور کارکنان کو نشانہ بنا رہے تھے لیکن ہم نے میدان نہیں چھوڑا۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ آج قیوم خان سے لیکر ایوب خان اور جنرل مشرف کو یاد کرنے والا کوئی نہیں لیکن باچا خان اور انکے ساتھی آج بھی پختونوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

 

 تقریب سے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، ترجمان ثمرہارون بلور، حاجی غلام احمد بلور، سیکرٹری یوتھ افیئرز طارق افغان ایڈوکیٹ اور ثنا گلزار ایڈوکیٹ، رکن مرکزی کمیٹی سلیم خان ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

س موقع پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری خارجہ امور سیدعاقل شاہ، صوبائی نائب صدر شاہی خان شیرانی، صوبائی نائب صدر ثاقب اللہ خان چمکنی، سیکرٹری ثقافت خادم حسین، سابق رکن صوبائی اسمبلی شگفتہ ملک سمیت دیگر ذمہ داران اور کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔