بلدیاتی الیکشن میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرینگے، حیدر خان ہوتی

بلدیاتی الیکشن میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرینگے، حیدر خان ہوتی

نوشہرہ (خالدنظیرنمائندہ شہباز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر وسابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ساتھ گروی رکھ دیا ہے مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے جس نے پوری قوم کی کمر تھوڑ کررکھ دی قوم باہر نکلے اور آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے ایجنٹوں سے چھٹکارا حاصل کریں۔

 

ان خیالات انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ورکنگ کمیٹی کے رکن میاں یحییٰ شاہ کاکاخیل کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر جمال خٹک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس قوم کے بچوں کے مفادات کی سیاست کر رہی ہے نہ کہ اپنے مفادات کی، ہماری سیاست کے خاتمے کی باتیں کرنے والوں کو 19دسمبر کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد حواس باختہ کردیں گے،عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں اپنی سیاسی حیثیت سے حصہ لے گی، کسی صورت کسی دوسری سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے کیونکہ عوامی نیشنل پارٹی اپنی سیاسی شناخت اور حیثیت رکھتی ہے موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اپنی آئنی مدت پوری نہیں کر پائے گی، عام انتخابات دور نہیں بلکہ 2022عام انتخابات کا سال ہے کارکن تیاریاں کریں۔


 

امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عمران خان سے اپنے چھوٹے بڑے سب ماموں ناراض ہوگئے ہیں کیون کہ ان کے بھی مقاصد حاصل نہیں ہورہے ہیں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں آرڈینس کی مشنری لگا رکھی ہے اور آئے روز ایوان صدر سے نت نئے اور عجیب وغریب آرڈیننس نکلالے جارہے ہیں، ایوان صدر نہیں بلکہ آرڈیننس فیکٹری ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جب پی ٹی آئی کی کشتی ڈوبے گی تونوشہرہ کا بندہ سب کو چھوڑ کر پہلے خود کو بچانے کیلئے چھلانگ لگائے گا۔