
مبینہ آڈیو لیکس نے عمران نیازی کو عوام کے سامنے مزید بے نقاب کردیا ہے۔ایمل ولی خان
عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدرایمل ولی خان نے کہاہے کہ عمران مداری کا سچائی اور ایمانداری سے دور تک کا واسطہ نہیں۔
مبینہ آڈیو لیکس نے عمران نیازی کو عوام کے سامنے مزید بے نقاب کردیا ہے،آڈیو میں واضح طور پر ایک سرکاری اہلکار جھوٹے منٹس کے اندراج کی بات کر رہا ہے،اہلکار غیر قانونی کام کا کہہ رہا ہے اور "ریاست مدینہ کا داعی، ایماندار شخص" اتفاق کر رہا ہے، اس سے زیادہ شرم کی بات اور کیا ہوگی کہ ایک شخص اقتدار کے لئے اس حد تک نیچھے جاسکتا ہے۔
میرہ اتمانزئی میں مختلف مقامات پر انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگز اور ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مسترد وزیراعظم خود اپنے جال میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔
قوم کو گمراہ کرنے کیلئے خود ہی سازش رچائی اور اسکو امریکی سازش کا نام دیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کرسی کیلئے نیازی کسی جائز ناجائز کو خاطر میں نہیں لاتا،کنٹینر پر کھڑے ہوکر ریاست مدینہ کا نام لینے والادر اصل ایک جھوٹا اور منافق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا نام استعمال کرنے والے آج عوام کو بتائیں کہ جھوٹے اور منافقوں کا انجام کیا ہوتا ہے؟ ریاست مدینہ کا دعویدار جھوٹ، دھوکے اور کرپشن میں پہلے نمبر پر ہے۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ 16 اکتوبر تحریک انصاف کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔ چارسدہ کے عوام اپنی 9 سالہ محرومیوں کا بدلہ ووٹ کی شکل میں لیں گے۔ ہشنغر کے عوام ثابت کریں گے کہ وزیراعظم کی کرسی سے مسترد شدہ شخص کی چارسدہ اور پختونخوا میں کوئی جگہ نہیں۔