پختونوں کو بارود کی دلدل میں دھکیلنے کی کوشش ہورہی ہے، حیدر ہوتی

پختونوں کو بارود کی دلدل میں دھکیلنے کی کوشش ہورہی ہے، حیدر ہوتی

تخت بھائی (مسعود اعوان ؍نمائندہ شہباز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اے این پی کے کارکنان کو تیزی سے بدلتی ہوئی ملکی اور بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں فعال اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا ‘اپنے آپ کو ہر قسم حالات اور الیکشن کیلئے تیار کر یں۔

 

انہوں نے کہا کہ اے این پی کی روز بروز بڑھتی ہوئی طاقت پختون دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہورہی ‘میڈیا کے ذریعے ناکام پروپیگنڈہ ہمارا راستہ نہیں روک سکتا‘ حکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شکل میں ایک اور بم گرا دیا‘ عوامی نیشنل پارٹی پر زور مذمت کرتی ہے ‘ نااہل حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیاآئندہ بلدیاتی الیکشن میں کارکنوںکی سفارشات کی روشنی میں اہل ‘باکردار اور جذبہ خدمت سے سرشار امیدواروں کو میدان میں اتارکر انشاء اللہ کامیابی سے ہم کنار ہونگے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی ضلع مردان کے قائم مقام صدر سید محمد جمال باچہ ایڈوکیٹ کی اقامت گاہ پر پارٹی کی اہم مشاورتی کمیٹی ضلع مردان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘اجلاس کی صدارت سید محمد جمال باچہ ایڈوکیٹ نے کی ‘اس موقع پر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن حاجی فاروق خان و دیگر موجود تھے۔

 

امیر حیدر خان ہوتی نے کہاکہ بدترین مہنگائی‘ بیروز گاری ‘امن امان کی خراب صورتحال تشویش ناک ہے‘آئے روز پٹرولیم بجلی گیس کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں اضافے نے غریب عوام ‘کاشتکاروں اور کاروباری طبقے کو پریشان کردیا ہے‘دوسری طرف سلیکٹڈ ٹولہ حقائق سے پہلو تہی کرکے بوگس اعداد و شمار اور کاغذی کارروائی کے ذریعے قوم کی انکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوششوںمیں مصروف ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں موجودہ حالات کے تتاظر میںایک منظم طریقے سے ایک بار پھر بد امنی اور جنگ کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور ایک بار پھر پختون قوم کو بارود کی دلدل میں دھکیلنے کی کوشش ہورہی ہے ‘انہوں نے کہا کہ افغا نستان میں امن پورے خطے کیلئے ضروری ہے اور جب تک وہاں امن نہ ہوں کوئی بھی امن کے بارے نہ سوچے۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت سے عوام بیزار ہو چکے ہیں ‘عوامی نیشنل پارٹی صوبے سے پی ٹی آئی کا جنازہ نکال کر دم لے گی ۔

 

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی انتخابات میں جذبہ خدمت سے سرشار امیدواروں کو بلدیاتی اکھاڑے میں اتار کر محالفین کیلئے ہر گز میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے ۔