
پی ایس ایل 8 کا ایک اور سنسنی خیز میچ، پشاور زلمی 2 رنز سے کامیاب
پاکستان سپر لیگ 8 کا دوسرا میچ بھی سنسنی سے بھرپور رہا، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، عماد وسیم اور شعیب ملک کی نصف سنچریاں ضائع ہوگئیں، آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے، خرم شہزاد نے 13 رنز دے کر ٹیم کو فتح دلادی۔
پی ایس ایل 8 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں کراچی کنگز کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شرجیل خان صفر، حیدر علی 12 اور قاسم علی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، میتھیو ویڈ 23رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔
کراچی کنگز کے 46 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، ایسے میں تجربہ کار بیٹر شعیب ملک نے کپتان عماد وسیم کے ساتھ مل کر 133 رنز کی قابل قدر شراکت قائم کرکے ٹیم کو جیت کی ڈگر پر ڈالا تاہم 177 کے مجموعے پر شعیب ملک 52 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
شعیب ملک کے آؤٹ ہونے پر بین کٹنگ کریز پر آئے اور کپتان کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 19 اوورز میں 184 رنز تک پہنچادیا، آخری اوور میں کراچی کنگز کو جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے، پشاور زلمی کے بولر خرم شہزاد کے اوور میں 2 نو بال ہوئیں تاہم نپی تلی بولنگ کی وجہ سے عماد اور کٹنگ صرف 13 رنز ہی بناسکے۔
عماد وسیم 47 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 رنز اور بین کٹنگ 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جیمز نیشم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی نے مقرر 20 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی پہلی دو وکٹیں 16 کے مجموعے پر گر گئیں، تاہم اس کے بعد ٹام کوہلر کیڈمور اور بابراعظم نے ٹیم کو سنبھالا دیا، دونوں کے درمیان 139 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ٹام کوہلر کیڈ مور 50 گیندوں پر 7 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 92 رنز اور بابر اعظم 46 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، اینڈریو ٹائے، عمران طاہر اور محمد عامر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کے سابق کپتان بابر اعظم اب پشاور زلمی کی قیادت کررہے ہیں جبکہ عماد وسیم نے کراچی کنگز کی قیادت سنبھال لی ہے۔
پشاور زلمی کی فائنل الیون میں بابر اعظم(کپتان)، محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھنوکا راجاپکسے، شکیب الحسن، جمی نیشم، وہاب ریاض، خرم شہزاد، سلمان ارشاد اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
کراچی کنگز کی فائنل الیون ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عماد وسیم (کپتان) شرجیل خان، بین کٹنگ، حیدر علی، شعیب ملک، قاسم اکرم، میتھیو ویڈ، اینڈریو ٹائے، محمد عامر، عمران طاہر، میر حمزہ۔