کشمیر میں غیر جانبدار الیکشن کیلئے آرمی بلائی جائیگی،شیخ رشید

کشمیر میں غیر جانبدار الیکشن کیلئے آرمی بلائی جائیگی،شیخ رشید

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں غیر جانبدار الیکشن کیلئے فورسز مانگی ہیں، سول آرمڈ فورسز کے ساتھ ضرورت پڑنے پر پاک آرمی کو بھی مدعو کیا جائیگا۔

 

پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ مریم نواز اور بلاول نے الیکشن سے پہلے شور مچا رکھا ہے، کشمیر میں عمران خان کی پذیرائی ہے، 25جولائی کو عمران خان حکومت بنانے جا رہے ہیں،عمران خان کشمیر کا کیس لے کر آگے جائیں گے۔

 

 انہوں نے کہاکہ سول اداروں کے ساتھ آرمی بھی فری اور فیئر الیکشن کرانے میں کردا رادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں مزید سیکیورٹی بڑھائیں گے،پاک آرمی ہمیشہ کی طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب ہم ہفتہ وار وزارت داخلہ کی کارگردگی پر بریفنگ دیں گے،ایف آئی اے میں پندرہ پندرہ سال سے تعینات ملازمین کو ٹرانفسر کررہے ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے میں جو لوگ تین تین سال سے تعینات کئے گئے تھے ان کا تبادلہ کیا گیا ہے،نادرا میں 39 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے،ہدایت کی گئی ہے کہ جو لوگ جعلی شناختی کارڈوں میں ملوث ہیں ان کو برطرف کیا جائے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ تمام فاٹا میں تھری جی اور فور جی کھلنے جارہا ہے، کابینہ نے منظوری بھی دیدی ہے ۔ا

وزير داخله نے کہا کہ اگر کسی مرحلے میں کوئی احساس معاملہ ہوا تو ایجنسیوں کی درخواست پر وزارت داخلہ کچھ وقت کے لیے بند بھی کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کے کیسز اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑھ رہے ہیں،این سی او سی نے سخت ایس او پیز جاری کردیا۔۔

 

انہوں نے کہاکہ طورخم بارڈر پر جن لوگوں کی کرونا رپورٹ منفی آئی ان کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے،جن کے ٹیسٹ مثبت آئے ان کو متعلقہ لوگوں کے حوالے کیا گیا ہے،ٹی ایل پی کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھیج دی گئی ہے (آج)منگل کو کابینہ فیصلہ کریگی۔

 

شیخ رشید نے کہاکہ تمام اداروں کو ترجمان اور سوشل میڈیا کے لیے ایک بندہ رکھنے کا کہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کے سامنے جو آیا اس کے پستول میں گولیاں نہیں تھیں،پولیس مشکوک شخص کی تحقیقات کررہی ہے ۔

 

انہوں نے کہاکہ مریم نواز کے اندر دھرنے کی خواہش ہورہی ہے ،ہم الیکشن جیتیں گے یہ دھرنے کی تیاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ افغان صورتحال پر وزارت خارجہ روزانہ بیان دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے ساری زندگی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے،بھارتی لوگ پکڑے گئے جو پاکستان میں فساد پھیلانا چاہتے تھے۔

 

انہوں نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال پر فارن آفس بات کریگا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر الیکشن میں فوج پولنگ بوتھ کے اندر تعینات نہیں کی جارہی ہے ،فوج نا کھڑی ہوتو لوگ الیکشن ڈبے اٹھاکر لے جائیں۔انہوںنے کہاکہ کراچی میں چالیس لاکھ لوگوں کے غلط شناختی کارڈ بننے کی بات غلط ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ مریم نواز اور شہباز شریف کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکلوانے کی کوئی درخواست نہیں آئی۔