عاصم باجوہ ’مستعفی‘، خالد منصور سی پیک اتھارٹی کے نئے چیئرمین مقرر

عاصم باجوہ ’مستعفی‘، خالد منصور سی پیک اتھارٹی کے نئے چیئرمین مقرر

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے عاصم باجوہ کی جگہ خالد مںصور کو پاک چین اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی کا چیئرمین لگانے کی مںظوری دی ہے۔

 

خالد منصور کو معاون خصوصی مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

 

 دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے بھی خالد منصور کو معاون مقرر کرنے کی تصدیق کی ہے اور نوٹیفکیشن بھی پوسٹ کیا ہے۔

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عاصم باجوہ کی سی پیک کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے خالد منصور کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے۔
 

خیال رہے کہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

 

منگل کو عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اللہ کے سامنے اپنا سر جھکاتا ہوں جس نے مجھے سی پیک اتھارٹی جیسے اہم ادارے کو آگے بڑھانے کا موقع دیا۔ یہ وزیراعظم اور ان کی حکومت کے اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہ تھا۔‘
 

 

انہوں نے بھی خالد منصور کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ 

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ خالد منصور کا کارپوریٹ امور کا وسیع تجربہ ہے اور انہیں چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کا بھی وسیع تجربہ ہے۔

 

 

ان کا کہنا تھاکہ خالد منصور کی شمولیت سی پیک کے اگلے مرحلے کے بڑے منصوبے آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔