پہلا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 314 رنز کا ہدف

پہلا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 314 رنز کا ہدف

تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا ہے۔

 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری میچ میں پاکستان  کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس پر آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔

 

آسٹریلیا کی جانب سے  ٹریوس ہیڈ نے 101 اور بین مکڈر موٹ 55 رنز بناکرنمایاں رہے، ان کے علاوہ مارکس اسٹوئنس 26 ، مارنس لبوسخانے 25 اورکپتان ایرون فنچ نے 23 رنز بنائے۔

 

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور  زاہد محمود نے 2،2 جب کہ  افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر نے ون ڈے ڈیبیو کیا جب کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں گیند لگنے کے باعث 11 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں۔

 

آسٹریلیا کی ٹیم:

آسٹریلیا کے پلیئنگ الیون میں ایرون فنچ (کپتان)، ٹریوس ہیڈن، بین مکڈرموٹ، مارنوس لبوسخانے، مارکوس اسٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، سین ایبٹ، نتھن ایلس، ایڈم زمپا اور میچل سوئپسن شامل ہیں۔

 

پاکستانی ٹیم:

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں فخر زمان، بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، محم رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور زاہد محمود شامل ہیں۔

 

واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے دیگر 2 میچز بھی لاہور میں ہی 31 مارچ اور 2 اپریل کو شیڈول ہیں۔

 

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔