
بابراعظم اورعبداللہ شفیق پاکستان کو شکست سے بچانے کیلئے کوشاں
آسٹریلیا کیخلاف ٹیم کو شکست سے بچانے کیلئے بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی کوششیں جاری ہیں، کپتان 102 اور نوجوان بیٹسمین 71 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، پاکستان نے آسٹریلیا کے 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنالئے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کراچی میں جاری ہے، چوتھے دن مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 97 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی، جس کے بعد پاکستان کو جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اوپنر امام الحق ایک اور سینئر بیٹسمین اظہر علی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور اوپنر عبداللہ شفیق آسٹریلوی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے باز شکست کو ٹالنے کیلئے کوشاں ہیں۔
بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 171 رنز کی شراکت قائم ہوئی، بابراعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کو کھیل کے آخری دن میچ جیتنے کیلئے مزید 314 رنز کی ضرورت ہے جبکہ آسٹریلیا کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جبکہ پاکستان اپنی پہلی اننگز میں محض 148رنز پر آؤٹ ہوگیا تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ لاہور میں 21 مارچ سے شروع ہوگا۔