بنی گالہ پر چھاپہ مار کر سائفر برآمد کیا جائے، مریم نواز کا مطالبہ

بنی گالہ پر چھاپہ مار کر سائفر برآمد کیا جائے، مریم نواز کا مطالبہ

مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جموہری نظام، سفارتی تعلقات اور قومی سلامتی کیخلاف سازش کی، انہیں اپنی جماعت اور پوری قوم سے معافی مانگنی چاہئے، عمران خان سائفر بھی اپنے ساتھ لے گیا، بنی گالہ پر چھاپہ مار کر سائفر برآمد کیا جائے۔

 

لاہور میں وفاقی وزراء کے ساتھ پریس کانفرنس میں ن لیگی رہنماء مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان 2 ہزار پانی کی بوتلوں کی طرح وزیراعظم ہاؤس سے سائفر بھی اٹھا کر لے گئے، کیونکہ سائفر میں ٹیمپرنگ اور جعلسازی کی تھی، عمران خان نے پاکستان کی سالمیت، قومی سلامتی، جمہوری نظام، خارجہ پالیسی اور سفارتی تعلقات کیخلاف سازش کی۔

 

ان کا کہنا ہے کہ آج پاکستانی وزیراعظم سے کوئی ملک پاکستان سے رابطہ کرنے سے ڈرتا ہے کیونکہ وہ کہتے کہ اگر ہم کوئی خط بھیجیں گے تو وہ تبدیل کرکے سازش بنادیا جائے گا، پاکستان کا یہ کیسی تصویر پیش کی گئی ہے۔

 

ن لیگی رہنماء نے کہا کہ خوشی ہے بڑے دن بعد عوام کو کل ریلیف ملا، اس شخص کا چہرہ عوام کو دکھانا ہے، یہ جھوٹ پر جھوٹ بولتا ہے، ن لیگ کی کتنی ہی ویڈیوز سامنے آئیں، کبھی ملک کیخلاف کوئی چیز نہیں ملے گی، ن لیگ سیاسی مفاد قربان کرسکتی ہے، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریگی۔

 

ان کا کہنا ہے کہ اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے کہ عمران خان سچ بول سکتا ہے، اس سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے، اسد عمر کو کریڈٹ دیتی ہوں کہ انہوں نے کہا کہ یہ لیٹر نہیں ٹرانسکرپٹ ہے، جو سازش کبھی نہیں تھی اس کی آڑ میں پاکستان کے تعلقات کھیل تماشہ بنادیئے، کہتے ہیں اس پر ’’کھیلنا‘‘ ہے، ان کی 25 سال کی سیاست اس جملے میں چھپی ہے، پاکستان کی دشمن قوتوں سے ان کو ڈالرز آئے۔

 

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو آزادی کا درس دے رہا ہے لیکن کہتا ہے نام نہیں لینا، جب نام لے لیا تو امریکا سے ایک لابنگ فرم ہائر کرلی، تاکہ عمران خان کے تعلقات ٹھیک کروا دے، مجھے ان آڈیوز پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی، اس کو اچھی طرح جانتی ہوں، عمران خان کے ماتھے پر غداری کا لیبل لگا ہے، غداری کا لیبل آج تک کسی وزیراعظم پر نہیں لگا۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر چھاپہ مارنا چاہئے، پتہ چلے گا سائفر کی کاپی کہاں گئی، جلسوں میں دکھانے کیلئے سائفر ہے، عوام کو دکھانے کیلئے نہیں ہے، کھیل کھیل میں آپ ملک سے کھیل گئے، یہ ملک کوئی اسٹیڈیم نہیں 22 کروڑ عوام کا جیتا جاگتا ملک ہے۔

 

مریم نواز شریف کا مزید کہنا ہے کہ آڈیو نے ثابت کیا، ایکس وائی اور زیڈ، میر جعفر، میر صادق اور جانور بھی تم ہو، جانور بھی اپنےمالک سے وفا کرتا ہے تم نے اپنے ملک سے وفا نہیں کی، افسوس ہے تم یہ سب کرنے کے بعد بھی آزاد پھر رہے ہو، قانون کے ہاتھ غدار تک پہنچنے چاہئے تھے جو نہیں پہنچے، وہ آئین توڑتا ہے آزاد گھومتا ہے، توشہ خانہ کی گھڑیاں چوری کرتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اس نے وزیراعظم آفس کو پاکستان کیخلاف سازش کیلئے استعمال کیا، عمران خان ہوگا کسی کا لاڈلہ، ہمارا نہیں، کوئی بعید نہیں کہ آنے والے دنوں میں کوئی اور بھی آڈیو آجائے، مجھے یقین ہے کہ ڈارک ویب پر کچھ نہیں، یہ عمران اور اس کے کوچ کی کارستانی ہے۔