
بارٹر ٹریڈ مکینزم خوش آئند اقدام ہے ، سردار حسین بابک
عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ بارٹر ٹریڈ مکینزم خوش آئند اقدام ہے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے اقتصادی بحران کو کم اور ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہونگے۔
ہمارے ملک کی خوش قسمتی ہے کہ روس ہندوستان، ایران، چین اور افغانستان جیسے پڑوسی ممالک کی ہمسائیگی حاصل ہے۔ نئے تجارتی معاہدے مہنگائی بے روزگاری بدامنی اور غربت کے خاتمے کیلئے ضروری بن گئے ہیں۔
بار ٹریڈ مکینزم کو ملک کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک کا کہنا تھا کہ اے این پی روز اول سے پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین برادرانہ دوستانہ تعلقات قائم کرنے پر زور دے رہی ہے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ بااعتماد تعلقات ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔
حکمرانوں کو ماضی کی غلطیاں دہرانے سے گریز اور ملک و عوام کے بہترین مفاد میں پڑوسی ممالک کے ساتھ دشمنی کے بجائے دوستی فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ خطے میں بدامنی کی بیخ کنی اور مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ذہن نشین کرنا چاہیئے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تمام آمدورفت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری لوازمات مہیا کرنے چاہیئں۔ افغانستان کے باشندوں کیلئے ویزہ سہولت میں آسانیاں پیدا کرنی چاہیئے ۔
مرکزی حکومت ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کیلئے صوبائی خودمختاری کو یقینی بنائے اور پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا آغاز کرکے ایک نئے عوام دوست سفر کی شروعات کی جائیں۔
سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے اے این پی کی سیاست کی تقلید ہے۔ مرکزی حکومت پڑوسی ممالک کے ساتھ آمد ورفت اور تجارت کے تمام دستیاب ذرائع اور وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔