بچوں کا رسالہ ماہنامہ بدر کامل

بچوں کا رسالہ ماہنامہ بدر کامل

تحریر: حمیرا علیم 
انڈیا کے علاقے ناندیڑ سے شائع ہونے والابچوں کا رسالہ ماہنامہ بدر کامل، جس کے مدیر اعلی ڈاکٹر انیس الرحمن انیس ہیں، ایک نہایت علمی و ادبی رسالہ ہے جس میں نہ صرف معلومات دی گئی ہیں بلکہ کہانیاں بھی سبق آموز ہیں۔

ماہ رمضان کا شمارہ ''علامہ اقبال نمبر'' پڑھا تو بہت متاثر ہوئی۔ سب سے پہلے فہرست پہ نظر ڈالی تو عالم فاضل مصنفین کے نام دیکھ کر اچھا لگا کہ بڑے بڑے لوگ بچوں کے ادب کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اگلا صفحہ آیت و حدیث سے متعلقہ تھا۔ جید علما کی تفسیر و شرح کے ذریعے بچوں کو دین سمجھنے اور اس پہ عمل کرنے کی ترغیب دلچسپ پیرائے میں دی گئی تھی۔ ان کے علاوہ اختر سلطان کی ''سمجھدار گدھا''، فاطمہ ساجد کی ''ایماندار لڑکا''، فاطمہ اصغر کی ''مددگار بزرگ''، مصطفی علی کی ''بچت میں برکت''، ڈاکٹر کلیم کی ''کھاچڑی'' بہت عمدہ کہانیاں تھیں خصوصاً ''مہینے بھر سے کھیر'' میں بچوں کو ایک کہانی کے ذریعے یہ سبق دیا گیا ہے کہ بانٹنے اور مل جل کر کھانے میں برکت ہوتی ہے۔

 

گوشہ رمضان میں رمضان کے متعلق مضامین شامل تھے جن کو مفتی ثناالہدی قاسمی، ڈاکٹر سلیم خان اور فیاض عالم قاسمی صاحب جیسے علما کرام نے لکھا تھا۔ ان مضامین میں رمضان المبارک کے پیغام، مقاصد، فوائد اور نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے رمضان کے معمولات کو بیان کیا گیا تھا۔ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی کہانیاں بھی بیان کی گئی تھیں۔ میرے خیال میں یہ بہت اچھا اقدام ہے کیونکہ عموماً ہم صرف سیرت النبیۖ یا چار خلفائے راشدین کے بارے میں ہی پڑھتے ہیں جبکہ باقی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے کم ہی آشنائی ہوتی ہے۔ بچے ان کے متعلق پڑھیں گے تو ان جیسا بننے کی کوشش بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ چند نظمیں بھی شمارے کا حصہ تھیں جو کہ بے مثال تھیں خاص طور پہ ڈاکٹر انیس کی رمضان پہ نظمیں، اور عزیز بلگامی کی منظوم فاتحہ! 

 

گوشہ اقبال ایک منفرد تحریر تھی جس میں جگن ناتھ آزاد، عثمان میر اور اظہر کلیم صاحب نے دلچسپ پیرائے میں علامہ اقبال کا تعارف کروا کر ان کی نظموں کی تشریح بیان کی ہے جو کہ بچوں کو اقبال کے کلام سے روشناس کروا کر ان کی شاعری کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ باقی تحاریر آج کل کے تکنیکی دور کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں میں مطالعے کے شوق کو فروغ دینے کیلئے معاون و مددگار ہوں گی کیونکہ انٹرنیٹ کے دور میں بچے جنوں، بھوتوں اور پریوں کی کہانیوں کی بجائے حقائق پہ مبنی کہانیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ''دلچسپ معلومات''، ''میڈیکل امیجنگ''، ''دماغ کے چند حیران کن راز''، ''حفظان صحت'' اور ''سائنس و ٹیکنالوجی'' میں جدید سائنس کی ایجادات اور فوائد بتائے گئے تھے۔ 

 

اس کے ساتھ ساتھ تاریخی مضامین سے بچوں کو اسلامی اور دنیاوی تاریخ کے بارے میں بھی معلومات دی گئی تھیں۔ ضیا چترالی کی تحریر ''مقام عبرت''، ''سلطنت عثمانیہ میں کتنے ممالک'' اور ''کویت کی ایک سچی حقیقت'' بہترین تحاریر تھیں۔ چھوٹے بچوں کی دلچسپی کیلئے ڈرائنگز، نقطے جوڑ کر تصویر بنائیں، راستہ تلاش کریں، رنگ بھریں اور اقوال زریں بھی شامل تھے۔ المختصر یہ کہ ماہنامہ بدر کامل سچ میں بدر کامل ہے جس نے بچوں کے ادب میں چار چاند لگا دیئے ہیں۔ جو تفریح کے ساتھ ساتھ علم میں اضافے کا باعث بھی ہے۔ اگر ممکن ہو تو خود بھی اس رسالے کو پڑھیے اور اپنے بچوں کو بھی پڑھائیے۔