
مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی، الیکشن ہی حل ہے : مریم نواز
اسلام آباد : پاکستان مسلم ليگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سے جب پوچھو ادویات، آٹا مہنگا کیوں ہوا تو کہتا ہے خط آگیا، سازش ہوگئی، عمران کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر نہیں اٹھانا چاہیئے۔ مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی ہے۔
مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب آج تک کیس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا ہے۔ نیب کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں، اگر ثبوت ہوتا تو دس مہینے بڑا عرصہ ہوتاہے لیکن کبھی نیب کو کورونا ہوتا ہے تو کبھی وکیل بدلتے ہیں، آج بھی ان کے وکیل نہیں آئے۔ اگر نیب ثبوت نہ دے تو اسے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کررہی ہے تو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو چار سال کی کارکردگی نہ دکھا سکے تو اسے سازش اور مراسلے کی ضرورت پڑتی ہے۔ عمران خان کی شکل میں پاکستان کے خلاف بڑی سازش ہوئی ہے۔ جتنی سازش عمران نے کی اتنا تو کوئی غیر ملکی بھی نہیں کرسکتا تھا۔
لیگی رہنماء نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میں خطرناک ہوجاؤں گا۔ قوم سے روٹی، چینی، ادویات چھین لی وہ خطرناک نہیں تو کیا ہوگا۔ لوگ جانتے ہیں مہنگائی، معیشت کی تباہی آپ کی وجہ سے ہے۔ چار ہفتے قبل عمران کے وزراء کہتے تھے دنیا میں مہنگائی ہے، پاکستان میں نہیں ہے۔ آج آپ کو اچانک مہنگائی یاد آگئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگ جانتے ہیں ڈالر مہنگا اور اسٹاک ایکسچینج کی تباہی آپ کی وجہ سے ہے۔ اناڑی کو اٹھا کر اقتدار میں بٹھاتے ہیں تو کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ سابق وزیر اطلاعات نے اپنے رشتے داروں کو نوکریوں پر لگوایا۔
انہوں نے کہا کہ جب پوچھو ادویات، آٹا مہنگا کیوں ہوا تو کہتا ہے خط آگیا، سازش ہوگئی۔ سازش نہیں ہوئی تمہارے پاس عوام کو بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں۔ ملک میں الیکشن تو ہونا ہے، مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی ہے۔ فتنوں میں الجھنے کے بجائے نواز شریف کو دو تہائی اکثریت دیں۔ موجودہ حکومت کو عمران کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر نہیں اٹھانا چاہیئے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران کو عوام میں جانے دیں، عوام بتائے گی مہنگائی تمہاری وجہ سے ہے۔ اب یہ الٹے بھی لٹک جائیں، لیکن سیاسی مستقبل ختم ہوچکا ہے۔ کوئی کوشش کرے گا کہ وہ شہید بنے تو 4 سال کی کارکردگی منہ چڑھا رہی ہے۔ افواج پاکستان ہمارے لیے محترم ادارہ ہے۔