الٹی گنتی شروع، جعلی وزیر اعظم کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، میاں افتخار حسین

الٹی گنتی شروع، جعلی وزیر اعظم کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، میاں افتخار حسین

نوشہرہ ۔۔۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ جعلی وزیراعظم کی رخصتی کا وقت قریب آچکا ہے۔عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ چور راستوں سے اقتدار پر مسلط حکمرانوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سوارحکومت کو گھر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات نے تبدیلی کا پردہ مزید چاک کردیا ہے۔ جن قوتوں کی مدد سے پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی انہوں نے ہی حکمرانوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ دوسری سیاسی جماعت اقتدار لینے کو بھی تیار نہیں۔

 

تحصیل پبی میں نوشہرہ میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ اے این پی کا شروع ہی سے یہ مطالبہ ہے کہ موجودہ حکومت کا خاتمہ کیا جائے اور نئے شفاف انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ملک کے اندرونی سیاسی حالت کروٹ لینے کے قریب ہیں۔ آنے والے چند ماہ ملکی سیاست کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ تحریک انصاف کے اراکین دوسری سیاسی جماعتوں میں جانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ کسی بھی وقت عدم اعتماد کی صورت میں عمران خان کو گھر بھیجا جاسکتا ہےاور  عام انتخابات کا اعلان ہوسکتا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کا پردہ فاش کردیا ہے۔حکمرانوں کی برپا مہنگائی اور بدانتظامی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ عوام بے روز گاری اور مہنگائی کے باعث دووقت کی روٹی سے بھی محروم ہیں۔ پٹرول، گیس، بجلی سمیت دیگراشیاء ضرویہ کی قیمتوں میں روزبروز اضافہ کیا جارہا ہے۔ انتخابات کے نتائج ثبوت ہیں کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ باچا خان کے پیروکار آنے والے حالات کیلئے تیاریاں یقینی بنائیں۔ عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے اپنی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائے اور باچا خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچائے۔تاریخ گواہ ہے کہ پختونوں پر جب بھی مشکل وقت آیا ہے اے این پی نے ہر محاذ پر اپنی آواز اٹھائی ہے۔ آنے والے انتخابات میں عوام سرخ جھنڈے پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور نااہل حکمرانوں سے ووٹ کی شکل میں اپنا بدلہ لیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ اے این پی امسال بھی فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسیاں بھرپور طریقے سے منائے گی۔ چارسدہ میں 26 جنوری کو برسیوں کے سلسلے میں عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد ہوگا۔ جس میں صوبہ بھر سے پارٹی ذمہ داران و کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔

 

انہوں نےبلدیاتی انتخابات میں تحصیل پبی کے ذمہ داران اور کارکنان کو بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا  کہ اے این پی کے نومنتخب نمائندے بھرپور انداز میں عوام کی خدمت کریں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی اس مٹی اور عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اجلاس میں تحصیل چیئرمین غیور خٹک، صدر زرعلی، جنرل سیکرٹری عباس غازی اور ديگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔