ملک پر چوروں کا راج ہے، میاں افتخارحسین

ملک پر چوروں کا راج ہے، میاں افتخارحسین

دیربالا۔۔۔عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ عمران خان کے بقول مہنگائی بڑھتی ہے تو حکمران چور ہیں، آج مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہیں اسی لئے سب سے بڑے چور آج مسنداقتدار پر بیٹھے ہیں۔

 

عوامی نیشنل پارٹی کی ملاکنڈ ڈویژن کیلئے تشکیل کردہ کمیٹی اراکین ملک واصل خان، متوکل خان کے ہمراہ تحصیل لرجم میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ نااہل حکمرانوں کے نااہل اور ناقص فیصلوں کا نتیجہ ہے۔سخت شرائط پر معاہدے ہوئے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔عوام کو جھوٹ پر ٹرخایا جارہا ہے کہ مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ ہے، جھوٹ کے سہارے ملک نہیں چلایا جاسکتا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نااہل حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، نااہل حکمرانوں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کا نیا اور جدید ترین طریقہ ہے جس کا مقصد مخصوص جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے۔موجودہ حکمرانوں کو اپنی شکست نظر آرہی ہے اسی لئے آج دھاندلی کے نئے طریقے اپنائے جارہے ہیں۔ایک نشست جیتنے والے شخص کو پورا ملک حوالہ کیا گیا، امید ہے عمران خان کو لانیوالے بھی سمجھ چکے ہوں گے۔

 

میاں افتخارحسین نے مزید کہا کہ موجودہ مسائل کا واحد حل شفاف اور بغیر کسی مداخلت کے انتخابات ہیں۔عوام کو اس بدترین مہنگائی کے خلاف نکلنا ہوگا تاکہ ان نااہل حکمرانوں کو کم از کم احساس دلایا جاسکے۔عوامی نیشنل پارٹی اس بدترین مہنگائی کے خلاف میدان میں نکل چکی ہیں، عوام کو بھی آواز اٹھانی ہوگی۔