امن ضروت ، دہشت گردی اور بدامنی کیخلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔اسفندیارولی خان 

امن ضروت ، دہشت گردی اور بدامنی کیخلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔اسفندیارولی خان 

 

 عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ امن ضروت ہے، دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔ آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دینے کیلئے دہشتگردی کی مستقل بیخ کنی لازم ہے، امن نہیں ہوگا تو ملکی ترقی اور خوشحال زندگی ایک خواب رہے گا۔ 

 

عالمی یوم امن کے موقع پر جاری پیغام میں اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ امن اور دہشتگردی کے حوالے سے اے این پی کا موقف روز اول سے عیاں ہے۔دنیا میں کہیں بھی بدامنی ہوگی اے این پی نہ صرف  مذمت کرے گی بلکہ آواز بھی اٹھائے گی۔ہم نہ پہلے دہشتگردی اور دہشتگردوں کے سامنے جھکے ہیں اور نہ اب جھکیں گے۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے 1200 سے زائد کارکنان اور رہنماؤں کے نذرانے دیکر امن کو ممکن بنایا تھا، دوسرے لوگ موت کے ڈر سے بات کرنے کے لئے بھی تیار نہیں تھے اے این پی میدان میں کھڑی تھی،اے این پی نے نہ صرف ان کے خلاف مزاحمت کی بلکہ مقابلہ بھی کیا،

 

 اسفندیارولی خان نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا ایک دفعہ پھر دہشتگردوں کے نرغے میں ہے۔  صوبے میں جن کی حکومت ہے دہشتگردوں کو روکنے کی بجائے بھتے دے رہے ہیں۔ جو لوگ دہشتگردوں کو دفتر دینے کی بات کرتے تھے، پورا صوبہ انکے سپرد کردیا گیا۔ قوم کو اس پر بھی سوچنا ہوگا کہ ان کے حقیقی نمائندے کون ہیں؟

 

 سربراہ اے این پی کا مزید کہنا تھا کہ مستقل بنیادوں پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ریاست کواس کے خلاف سنجیدہ جدوجہد کرنی ہوگی۔ خطے میں لگائی گئی اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے سب سے پہلے ذہنیتوں کو تبدیل کرنا ہوگا،یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیرستان سے لیکر چمن اور سوات باجوڑ تک قوم بیدار ہوچکی ہے۔ 

 

وزیرستان سے لیکر سوات اور باجوڑ تک مختلف اضلاع میں امن مظاہرے پشتونوں کی امن پسندی کا ثبوت ہے۔پختون نہ صرف دہشتگردوں بلکہ ان کے سہولت کاروں اور ہمدردوں کو بھی جان چکے ہیں، 

 

اسفندیارولی خان نے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر میں امن کیلئے کردار ادا کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہیئے۔ نوجوانوں کیلئے ان لوگوں کو رول ماڈل بنانا چاہئیے جو مشکل سے مشکل حالات میں بھی امن کے داعی تھے۔ برصغیر میں باچاخان کا کردار موجودہ حالات میں نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔دنیا بھر میں امن کے قیام کا واحد راستہ فخرافغان باچاخان کا فلسفہ عدم تشدد ہے