کنٹونمنٹ انتخابات میں ناکام پالیسیوں کو شکست ہوگی، میاں افتخارحسین

کنٹونمنٹ انتخابات میں ناکام پالیسیوں کو شکست ہوگی، میاں افتخارحسین

نوشہرہ(نمائندہ شہباز) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غلط پالیسیوں کے خلاف فیصلہ دیں گے۔

 

نوشہرہ کینٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کو بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس بدترین مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف نکلیں،ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے لاکھوں پاکستانیوں کو بے روزگار کر دیا، نوکریاں بیچی جارہی ہیں۔آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے ایماء پر آج قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان کو آئی ایم ایف، عالمی بینک کے ساتھ گروی رکھ دیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ساتھ ہر مسئلے کا حل نجکاری ہے، سکول، کالجز سمیت ہر ادارے کو پرائیوٹائز کیا جارہا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی عوامی طاقت کے ساتھ عوام کے ہر ظلم کا حساب لے گی۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے دھاندلی کی تیاریاں ہورہی ہیں تاکہ ایک بار پھر پی ٹی آئی کو منتخب کیا جاسکے۔

 

میاں افتخارحسین نے کہا کہ آج اسی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دی جارہی ہیں جسے پی ٹی آئی خود منتخب کرچکی ہے۔اسی الیکشن کمیشن نے جب پی ٹی آئی کا ساتھ دیا تو ٹھیک تھا، آج انکار کررہی ہے تو اپوزیشن کا مرکز قرار دیا گیا۔ہمیں بھی اسی الیکشن کمیشن پر اعتراض تھا کیونکہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا لیکن ہم آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں۔پی ٹی آئی وزراء کی جانب سے دھمکیاں دینا اور الزامات لگانا ناقابل برداشت عمل ہے۔