افغانستان میں خاتون کھلاڑی کا سرقلم، دیگر کی مدد کی اپیل

افغانستان میں خاتون کھلاڑی کا سرقلم، دیگر کی مدد کی اپیل

کابل(این این آئی)افغان خاتون والی بال کھلاڑی کا سر قلم کر دیا گیا ، وہ افغانستان میں والی بال کی30 خواتین کھلاڑیوں میں سے ایک تھی جو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد ملک سے فرار نہیں ہوسکیں۔

 

میڈیارپورٹس کے مطابق افغان کارکن زالا زازئی نے منگل کو ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انکشاف کیا کہ طالبان نے قومی خواتین والی بال ٹیم کی کھلاڑی کو قتل کر دیا ہے۔ خاتون کھلاڑی کا گلہ کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جو کھلاڑی فرار نہیں ہوسکیں انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔ ایک کھلاڑی ان دہشت گردوں کے ہاتھوں ماری گئی ہے۔ ہم اپنے دوسری کھلاڑیوں کو کھونا نہیں چاہتے۔ وہ کابل میں پھنسی ہوئی ہیں اور کوئی ان کی نہیں سنتا۔

 

انہوں نے کھلاڑی کی دو تصاویر بھی شائع کیں۔ ایک میں اسے خواتین کی ٹیم کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دوسری تصویر میں اسے قتل کے بعد مردہ حالت میں دکھایا ہے۔خواتین ٹیم کی کھلاڑی مزجان سادات نے عالمی برادری اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے افغان کھلاڑیوں کی مدد کی اپیل کی۔