خیبر پولیس کے 5 منشیات فروش اہلکار ملازمت سے فارغ

خیبر پولیس کے 5 منشیات فروش اہلکار ملازمت سے فارغ

جمرود(لعل ضمیر شاہنمائندہ شہباز)خیبر پولیس نے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے ساتھ قریبی روابط رکھنے اور منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا الزام ثابت ہونے پر 5 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کردیا، نکالے گئے اہلکاروں میں میر عالم آفریدی،جلات خان،سید امین،نیاز علی اور محمد ادریس شامل ہیں۔

 

ڈی پی او خیبر وسیم ریاض نے کہا ہے خیبر پولیس نے ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کی خاطر خصوصی کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جس کے تحت منشیات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں.

 

ڈی پی او وسیم ریاض نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی سمیت محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کی پروفائلنگ کا عمل جاری ہے جس کے تحت منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے، ان کو سہولت کاری فراہم کرنے اور براہ راست منشیات فروشی میں ملوث اہلکاروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جس میں ابتدائی طور پر 5 اہلکاروں کے خلاف ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔