سابق سینیٹرعثمان کاکڑ انتقال کرگئے

سابق سینیٹرعثمان کاکڑ انتقال کرگئے

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔

 

سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ گزشتہ ہفتے برین ہیمبرج کے حملے کے بعد اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔
 

ترجمان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان کاکڑ کو برین ہیمرج ہوا تھا اور وہ آئی سی یو میں تھے، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کئی اہم شخصیات نے عثمان کاکڑ کے انتقال پر ان کے اہلخانہ اور پارٹی ورکرز سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 

شہباز شریف نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’عثمان کاکڑ جیسے بہادر، حق گو اورجمہوریت پسند رہنما کی وفات ملک کا بڑا نقصان ہے۔‘

 

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے عثمان خان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اور صوبائی صدر تھے۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز تین دہائیاں قبل پشتونخوا میپ میں شمولیت سے کیا اور تب سے اسی سے وابستہ تھے۔

 

محمود خان اچکزئی کے بعد عثمان کاکڑ پشتونخوا میپ کے سب سے مقبول رہنما مانے جاتے تھے۔