رحیم داد خان مرحوم کا خلا کبھی پر نہیں کیا جا سکے گا، میاں افتخار حسین 

رحیم داد خان مرحوم کا خلا کبھی پر نہیں کیا جا سکے گا، میاں افتخار حسین 

مردان (شہباز نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین  نے کہا ہے کہ سابق صوبائی سینئر وزیر رحیم داد خان مرحوم پختونخوا کی سیاست کا ایک شریف النفس نام تھا۔ ان کی وفات سے خیبر پختونخوا کی سیاست میں پیدا ہونے والا خلا بہ مشکل پورا ہوگا۔

 

ہاتھیان مردان میں سابق سینئر صوبائی وزیر رحیم داد خان کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میاں افتخار حسین  نے کہا کہ اے این پی اور پی پی پی کی صوبے میں مخلوط حکومت میں رحیم داد خان سینئر وزیرتھے۔

 

اس وقت کے وزیر اعلی امیر حیدر خان ہوتی کے ساتھ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سابق سینئر صوبائی وزیر بشیر بلور شہید، افراسیاب خٹک، مرحوم رحیم داد خان اور میری ہر دوسرے تیسرے دن ملاقات ہوتی اور مختلف حکومتی امور پر تبادل خیال ہوتا تھا۔ ان پانچ سالوں میں ان کے ساتھ یادگار لمحات بتائے جو ہمیشہ یاد رہیں گے۔ حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی بات سننا اور ساتھ لے کر چلنا ان کا خاصہ تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ مرحوم رحیم داد خان جیسے خاطر دار سیاست دان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی اور صوبے میں اے این پی اور پی پی پی کے مخلوط حکومت کو پانچ سال کامیابی سے پورے کرنے میں ان کا کردار کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم رحیم داد خان کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔