جمہوریت کی بقا اور قومی حقوق کے حصول کیلئے حاجی عدیل مرحوم کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، امیرحیدرخان ہوتی

جمہوریت کی بقا اور قومی حقوق کے حصول کیلئے حاجی عدیل مرحوم کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، امیرحیدرخان ہوتی

 

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے حاجی عدیل کی چھٹی برسی پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام میں کہا ہے کہ  جمہوریت کی بقا اور قومی حقوق کے حصول کیلئے حاجی عدیل مرحوم کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،

 

حاجی عدیل(مرحوم) کی پوری زندگی اس مٹی اور اپنی قوم سے محبت میں گزری، ایک لمحہ بھی وہ اپنی جدوجہد سے غافل نہیں رہے۔انکا سیاسی و قومی کردار رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا،پاکستان کی سیاسی تاریخ میں حاجی عدیل جیسے متحرک، صاف گو اور دلائل پر بات کرنیوالے کم ہی ہوں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور آمریت کے خلاف جدوجہد میں صعوبتیں برداشت کیں لیکن وہ جمہوری جدوجہد میں ڈٹے رہے۔18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کا اجرا حاجی عدیل مرحوم کی کاوشوں اور محنت سے ہی ممکن ہوا تھا۔

 

سینیٹر حاجی عدیل مرحوم کے مخالفین بھی مانتے ہیں کہ انہوں نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، موجودہ حالات کے پیش نظر جمہوری نظام کو درپیش حالات کے مقابلے کیلئے ہمیں حاجی عدیل جیسے لوگوں کی اشد ضرورت ہے۔انکے کردار اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے عہد کرتے ہیں کہ قومی حقوق کی جنگ میں کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے

 

حاجی عدیل مرحوم کی چھٹی برسی کے موقع عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حاجی محمد عدیل ایک متحرک سیاست دان اور پارلیمنٹ میں جمہوریت کی توانا آواز تھے۔

 

 انہوں نے بطور عملی سیاستدان اور ایک پالیسی ساز کے طور پر اپنی اہلیت کا لوہا منوایا۔ چھوٹے صوبوں کے حقوق کیلئے انکی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صوبائی خودمختاری کیلئے ان جیسی توانا آواز شاید ہی کبھی پارلیمنٹ میں گونجے گی۔ 

 

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونوں کو پختونخوا کی شکل میں شناخت دینے میں بھی حاجی محمد عدیل کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پختونخوا کے عوام اٹھارویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے اجرا کیلئے انکے مقروض رہیں گے انہوں نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کی مشترکہ جدوجہد کے حق میں اور آمریت کے خلاف آواز اٹھائی۔ 

 

حاجی محمد عدیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ پختونوں کی قومی سیاست میں حاجی عدیل کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا ہمیشہ رہے گا۔ پختون آج بھی ان جیسے کئی توانا آوازوں اور بے لوث جدوجہد کرنے والوں کی کمی کو محسوس کرتے ہیں۔