تاریخی مہنگائی، بیروزگاری عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، بلاول

تاریخی مہنگائی، بیروزگاری عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، بلاول

تخت بھائی (مسلم صابر ؍نمائندہ شہباز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ کی شکل میں عوام پر بزدلانہ حملہ کیا مہنگائی ملک کی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے.

ہفتے کو سابق صوبائی وزیر رحیم داد خان کے رہائشگاہ ہاتھیان میں کارکنوں سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح افغانستان، بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہیں پی ٹی آئی کے وزراء اتنے بے شرم ہیں کہ بجٹ کے اعداد و شمار ہی غائب کر دئیے۔

بلاول نے کہا کہ ملک جمود کا شکار ہے، پی ٹی آئی میں صلاحیت نہیں کہ وہ معیشت کو بہتر کر سکے سب سے زیادہ غربت خیبر پختونخوا میں ہے، موجودہ حکومت جو بھی غلط اور فراڈ کرے گی ہم بے نقاب کرتے رہیں گے عوام نے عمران خان کا اصلی چہرہ مہنگائی کی شکل میں دیکھ لیا ہے صوبوں کو جو اختیارات پی پی پی کے دور حکومت میں ملے تھے وہ کسی اور حکومت نے نہیں دیئے اٹھارویں ترمیم کے مراعات بھی پی پی پی کی مرہون منت ہے، صوبہ سندھ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کریں گے پی پی پی کے کارکنوں کا مقابلہ کوئی مائی کا لال نہیں کرسکتا کیونکہ پی پی پی کے جیالے بہادر اور نڈر ہوتے ہیں سلیکٹیڈ حکمرانوں کا بسترہ جیالے ہی گول کر دیں گے.

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی کمرپر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر عوام کو دبوچ لیا اور بے چارے عوام ایک وقت روٹی کے حصول کے لئے دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ کل حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کرکے وفاقی حکومت نے عوام پر حملہ کیا اور عوام کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا انہوں نے کہا کہ جب سے سلیکٹیڈ حکمران اقتدار پر قابض ہو ئے اسی روز سے مہنگائی میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کا جینا حرام ہو چکا ہے مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ملک میں افراتفری کا بازار گرم ہے، انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے سرکاری ملازمین کے علاوہ صنعتی ملازمین کو یکسر نظر انداز کرکے مزدور دشمنی کا ثبوت دیا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سد فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ ڈالنے کی مترادف ہے، مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے عوام کو سبز باغ دکھا کر بجٹ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستانی قوم نے عمران خان کا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے اور ان ناکامیوں کو پی پی پی بے نقاب کرتی رہے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر مفلوج بنا دیا ہے سفارتی سطح پر پاکستان تنہائی کا شکار ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں زیادہ غربت خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیا گیا ہے،پی ٹی آئی کے وزراء بہتی گنگا میں ہاتھ دہو رہے ہیں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو کلین چٹ ملنے شروع ہو چکے ہیں مدینہ کی ریاست میں دو قسم کے قانون سمجھ سے بالاتر ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور پی پی پی کے لئے الگ قانون اور پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کے لئے الگ قانون ہے۔