عمران خان نے سردار قیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کر دیا

عمران خان نے سردار قیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کر دیا

وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کر دیا۔

 

وزیراعظم کی تقرری کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ آج ہو گی جس کے لیے متحدہ اپوزیشن نے  چوہدری لطیف اکبر کو نامزد کیا ہے۔

 

پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے سردار عبدالقیوم نیازی کو نامزد کر دیا ہے جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کر دی ہے۔ 

سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی اور  متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ہیں۔

 

یاد رہےکہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کے لیے27 ووٹ درکار ہیں، تین مزید نشستوں پر کامیابی کے بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔

 

53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جب کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔