نا اہل و کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا 'امیر حیدر ہوتی

 نا اہل و کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا 'امیر حیدر ہوتی

تخت بھائی(نمائندہ شہباز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستانی قوم مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکی ہے۔

 

حیدر ہوتی  نے کہا کہ اے این پی کا دامن صاف ہے'پانامہ پینڈورا پیپرز سمیت کسی بھی مالیاتی سکینڈل میں پوری لیڈر شپ کا نام نہیں آیا 'پاکستان تحریک انصاف کے نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے ا'ے این پی کے کارکن الیکشن کی تیاریاں شروع کریں کیونکہ موجودہ حکومت سے عوام ما یوس ہو چکے ہیں ' اب عوام کی نظریں عوامی نیشنل پارٹی پر لگی ہوئی ہیں۔

 

ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز علاقہ لوندخوڑ میاں عیسیٰ میں سابق صوبائی وزیر بابو اکرم خان مرحوم کی بیوہ کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین سیاست کو عین عبادت سمجھتے ہیں اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی کوشش کرتے چلے آرہے ہیں 'انہوں نے کہا کہ ملک کی زیادہ تر جماعتوں کے لیڈروں کے نام پانامہ 'پینڈورا باکس اور دیگر مالیاتی سکینڈلز میں آتے رہتے ہیں' اللہ پاک کے فضل وکرم سے ہماری لیڈر شپ کا نام کسی بھی مالیاتی سکینڈل میں نہیں آیا۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام تنگ آچکے ہیں غریب عوام  دو وقت کی روٹی کے حصول کے لئے ترستے ہیں ' پی ٹی آئی کے وزراء سیاسی طور پر نابالغ اور سیاست کے الف ب سے واقف نہیں 'انہوں نے کہا کہ آج چینی 'آٹا 'ادویات اور تیل کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں  عوام اب اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کرسکتے ۔

 

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ ہمیشہ عوامی نیشنل پارٹی نے لڑی ہے اوریہ جنگ ہم لڑتے رہیں گے کیونکہ عوام اور پختون قوم کی اصل ترجمان اے این پی ہے'انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں لوگوں کو روزگار دیا مگر موجودہ حکومت نے عوام کو بیروزگاری  اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

 

انہوں نے پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ آنے والے الیکشن کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کریں انشاء اللہ آنے والا دور ایک بار سرخ جھنڈے کا ہوگا ۔