عوام پر مسلسل مہنگائی کی بجلیاں گرائی جارہی ہیں، شہبازشریف 

عوام پر مسلسل مہنگائی کی بجلیاں گرائی جارہی ہیں، شہبازشریف 

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے 1 روپے 72پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کو حکومتی کرپشن اور نااہلی کا تازہ ظلم قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام پر مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی مسلسل بجلیاں گرائی جارہی ہیں ،موجودہ حکومت مہنگائی، کرپشن، نااہلی کی آسمانی بجلی بن کر قوم پر گری ہے ۔

 

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ تین سال سے زائد عرصے میں حکمرانوں نے عوام کو صرف مہنگائی در مہنگائی دی ہے ۔پالیسی ریٹ سے لے کر کھانے پینے کی اشیاتک ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کرپشن اور نااہلی کا نہ ختم ہونے والاسلسلہ ہے ۔موجودہ حکومت کے آنے سے قوم کے لئے صرف برے دن آئے ہیں ۔حکومت کا ہر فیصلہ قوم کے لئے ایک نیا برا دن لے کر طلوع ہورہا ہے ۔مہنگائی کا قہر برساتا سورج حکومت کے خاتمے سے ہی غروب ہوگا ۔بجلی، گیس، پڑول اور ٹیکس ریٹ کی موجودہ سطح پر کاروبار چل سکتا ہے نہ ہی غریب کا گھر ،حکومت اپنے پہلے سال والی غلطیاں دہرا کر پھر قوم اور معیشت کو تباہی کی نئی دلدل میں لیجارہی ہے ۔

 

انہوں نے کہاکہ عوام اور قومی معیشت کو ریلیف دینے کے لئے موجودہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کو ریورس کرنا لازم ہے ۔مہنگے ڈیزل اور فرنس آئل پر بجلی بنا کر پہلے ہی قوم کو نچوڑاگیا، اووربلنگ سے عوام کو لوٹا گیا، اب یہ نیا ظلم ڈھایاگیا ہے۔ ایل این جی برآمد میں مجرمانہ تاخیر سے مہنگی بجلی سے قوم کی جیب کاٹی گئی، جیب کاٹنے والے کسی مجرم کو نہیں پکڑا گیا ۔حکومت قوم کی حالت پر رحم کھائے، یہ ظالمانہ اقدامات فوری واپس لئے جائیں۔