
خواتین کا عالمی دن تقاضا کرتا ہے کہ انہیں معاشرے میں انکا جائز مقام دلایا جائے، اسفندیارولی خان
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن تقاضا کرتا ہے کہ انہیں معاشرے میں انکا جائز مقام دلایا جائے، تیسری دنیا کے اکثر ممالک میں خواتین اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔خواتین رسم و رواج کی زنجیروں میں بندھی اب بھی اپنی شناخت کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان کا کہنا تھا کہ خواتین کو جب تک برابری کی بنیاد پر حق نہیں دیا جاتا، تب تک ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔ترقی کی جانب پیش قدمی کیلئے منفی سوچ کو تبدیل کرنا ہو گا۔اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ خواتین کا عالمی دن ہمدردی ظاہر کرنے کی بجائے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے استعمال کیا جائے۔
اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے، اور ہمیں یہ سوچ باچا خان بابا سے ورثے میں ملی ہے۔خدائی خدمتگار تحریک سے لے کر عوامی نیشنل پارٹی تک خواتین کو ہر فورم پر نمائندگی کا حص حاصل ہے۔آج بھی اے این پی میں خواتین کا الگ عہدہ نہیں بلکہ مرکز سے یونین کونسل تک ہر تنظیمی عہدے پر برابر نمائندگی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پختون خواتین نے اپنی صلاحیتوں، ذہانت، صبرو استقلال اور ناقابل یقین عزم و حوصلے سے ہر شعبے میں اپنا نام کمایا ہے۔ملالئی آف میوند سے لے کر بیگم نسیم ولی خان اور ملالہ یوسفزئی تک دنیا بھر میں پشتون خواتین نے نام کمایا ہے۔