خیبرپختونخوا میں ''ٹیبلٹ اِن اے سکول'' منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ''ٹیبلٹ اِن اے سکول'' منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے تمام سکولوں میں''ٹیبلٹ اِن اے سکول''منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے منصوبے کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کے سکولوں کو ٹیبلٹ دیئے جائیں گے۔

 

شہرام خان ترکئی نے منصوبے کے حوالے سے کہا کہ ہر سکول میں ٹیبلٹ کی دستیابی سے اساتذہ و طلباء کی حاضری، سکولوں میں دی جانے والی سہولیات کی معلومات، سکولوں میں اساتذہ کی موجودہ اور خالی اسامیوں کی تفصیل، سکول نتائج اور ای ٹرانسفر بشمول دیگر تمام معلومات بذریعہ سافٹ ویئر روزانہ کی بنیاد پر مین سرور میں بھیج دی جائیں گی جن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسز، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور سیکرٹریٹ لیو ل پر  مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کی جائے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور اس منصوبے کو سمارٹ سکول منصوبے کے ساتھ لنک کردیا جائے گا۔ جس میں سکولوں کے تمام تر نظام کو  ڈیجیٹلائز کرنے جا رہے ہیں۔  

 

وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر جلد از جلد عمل درآمد کے لئے لائحہ عمل اگلے اجلاس میں پیش کریں۔ انہوں نے سافٹ ویئر اور دیگر تکنیکی امور کی بہتر انجام دہی کیلئے خیبرپختونخوانفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے معاونت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی  یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں ہوا۔ اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم ، ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد ، منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن ظریف المعانی ، ڈائریکٹر ڈی ڈی پی ڈاکٹر طارق ، ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای گوہر خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

 

وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ایک ہفتے کے اندر ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی ڈیجیٹلائزیشن کی بھی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی دفاتر کے تمام نظام کو فوراً پیپر لس کر لیں تاکہ کام وقت پر ہو اور میرٹ و شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے۔ شہرام خان ترکئی نے ضم اضلاع میں فوراً فرنیچر کی فراہمی کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد کو پروپوزل کی تیاری کی ہدایت دی۔ تاکہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح وہاں بھی فرنیچر کی کمی ہنگامی بنیادوں پر پوری کر دی جائے۔

 

وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے منٹس جاری کریں اور اگلے اجلاس میں ان پر عمل درآمد پر بریفنگ دیں۔شہرام خان ترکئی کو سیکنڈ شفٹ سکولز پروگرامز، ای ٹرانسفر، رانگ پوسٹنگ ، اسکول لیڈرز پروگرام اور رحمت اللعالمین سکالرشپس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر تعلیم نے سیکنڈ شفٹ سکولز پروگرام فیز 2جلد از جلد شروع کر نے اور اگلے ہفتے ای ٹرانسفر کے ذریعے ٹرانسفر آرڈر جاری کرنے کی ہدایت کی جبکہ اسکول لیڈرز اور رحمت اللعالمین منصوبے کی پروپوزل کی منظوری کے لئے 10 دنوں کی ڈیڈ لائن دیں۔

 

شہرام خان ترکئی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن اقبال خان کو ایک ہفتے کے اندر مختلف کیڈرز کے اساتذہ کی پروموشن کیسز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ جن جن ملازمین کی پروموشن باقی ہے ان کو فوری ترقی دیںصوبائی وزیر نے منیجنگ ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن ظریف المعانی کو ادارے پر تفصیلی بریفنگ اگلے ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کی جس میں ادارے کے مختلف پروگراموں اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔