
خیبر پختونخوا پولیس عدم تحفظ کا شکار، سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا
پشاورمیں دہشتگرد حملے کے بعد خیبر پختونخوا پولیس خود تحفظ مانگنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئی پشاور، مردان ، صوابی اور نوشہرہ سمیت مختلف اضلاع میں خیبر پختونخوا پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار سڑکوں پر نکل آئے اور شدید نعرے بازی کی
اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پولیس کب تک نشانے پر رہے گی پشاور میں ہونیوالے خود کش حملے کی مکمل طور غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ پولیس پر حملہ کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے
احتجاجی مظاہروں میں کثیر تعداد میں باوردی پولیس اہلکاروں نے شرکت کی جبکہ مظاہرے میں سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک رہے
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے جبکہ پولیس اہلکاروں نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی بھی کی
اس موقع پر پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہر بار پولیس کو ہی کیوں قربانی دینی پڑتی ہے ، پولیس پر مزید حملے برداشت نہیں کرسکتے
انہوںنے مطالبہ کیا کہ پولیس کو اختیار دیا جائے اور پولیس کو اپنے فیصلے کرنے میں آزادی دی جائے اب تک ہونیوالی تحقیقات پر انہوں نے عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ پشاور پولیس لائنز حملے میں 98پولیس اہلکاروں سمیت 101افراد شہید ہوئے ہیں۔