ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تشویشناک ہے، امیر مقام

ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تشویشناک ہے، امیر مقام

لوئردیر(نمائندہ شہباز)مسلم لیگ (ن)کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان کے تبدیلی کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوگئے، پی ٹی آئی حکومت نے ملک کی معیشت تباہ کردی، عمران خان حکومت نے ملک کی تاریخ کا سب سے زائد قرضہ لیکر ریکارڈ قائم کرکے ملک کے بچے بچے کو مقروض بنا یا اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کی اغوا ئیگی افسوسناک ہے جس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تشویشناک ہے.

 

ان خیا لات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ کے مقامی ہوٹل میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے لوئر دیر ، اپر دیر اور باجوڑ کے پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیاتقریب سے  ن لیگ کے مرکزی رہنما ملک جہان زیب خان ، ن لیگ لوئر دیرکے صدر فاروق اقبال اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔

 

صوبائی صدر امیر مقام نے کہا کہ ملک میں آئے روز ، بجلی گیس ، پٹرولیم مصنوعات ، آٹا ، چاول چینی ،ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اور ریکارڈ اضافہ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، اگرمہنگائی کی یہی صورتحال جاری رہی تو عوام خود کشی کرنے پر مجبور ہوںگے.

 

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو بلیک لسٹ کردیا پاکستان سے سعودی عرب اور دیگر خلیج ممالک کے لئے پرا وزیں بند ہونے سے اوور سیز پاکستا نیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور اوورسیز بے یار ومدد گار حکومت کی راہ تک رہے ہیں لیکن حکومت اس حوالے سے بے بس ہے حالانکہ موجودہ حکومت کے قیام میں اورسیز پاکستا نیوں کا اہم کردار رہا ہے.

 

انھوں نے کہا کہ ملک پر نا اہل لوگوں کا ٹولہ مسلط ہے جوکہ عوام کے مسائل و مشکلات حل کرنے میں ناکا م ہے ملک کو مسائل اور بحرانوںکے بھنور سے صرف میاں نوز شریف اور میاں شہبا زشریف ہی نکال سکتے ہیں .

 

انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے چکدرہ چترال روٹ کو سی پیک میں شامل کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اسے نکال دیا انھوں نے کہا کہ عمران خان ملک میںکو ئی میگا پراجیکٹ کی بجائے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگا کر انہیں چور اور ڈاکووں قررار دیتے ہیں۔