زندہ قومیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتیں، میاں افتخار حسین

زندہ قومیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتیں، میاں افتخار حسین

نوشہرہ)پ ر( عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پختون قوم کی خدمت کرنا ہمارے پاس باچا خان کی امانت ہے۔ یہ باچا خان کے فلسفہ انسانیت ہی کا جذبہ ہے کہ خدائی خدمتگاروں کے پیروکار آج بھی میدان میں کھڑے ہیں ۔ پختون قوم کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس راستے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کررہے ہیں۔

 

تاروجبہ نوشہرہ میں خدائی خدمتگار مومن خان کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ خدائی خدمتگار مومن خان جیسے ساتھی ہمارے قومی تحریک کا سرمایہ ہیں ۔ مومن خان خدائی خدمتگار تحریک کے ایک سرگرم کارکن تھے۔ مومن خان اور دیگر خدائی خدمتگاروں کی قربانیاں اور جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ زندہ قومیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی ، خدائی خدمتگار مومن خان کی جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا اور وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ خدائی خدمتگار مومن خان کا پختونوں کی قومی تحریک سے لگا کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نظریات میں اختلافات کی بنا پر سرکاری نوکری کو بھی خیر اباد کہا اور پختونوں کے حقوق اور خدمت کے لئے کمر کس لی۔وہ پختون زلمے کے صوبائی نائب صدر اور پارٹی کے دیگر عہدوں پر بھی رہے اور مشکل حالات میں افغانستان میں جلاوطنی کی صعوبتیں بھی سہی۔

 

خدائی خدمتگار مومن خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے مزید کہا کہ انہوں نے باچا خان کے سچے پیروکار کا حق ادا کرتے ہوئیاپنی پوری زندگی خدائی خدمتگار تحریک اور عوامی نیشنل پارٹی کے لئے وقف کی تھی۔ اپریل 1949 میں پیدا ہوئے  اور 8 اگست 2021 تک اپنے آخری سانس تک قومی تحریک کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اورکبھی بھی اپنے نظریئے اور فلسفے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

 

اس موقع پرپارٹی کے دیرینہ کارکنان اسماعیل ناشاد خٹک اور صدر عنایت کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس سے  تحصیل صدر زر علی، عباس خان، فردوس، اسرار خان، فضل اکبر، شہزادالدین ایڈووکیٹ اور مرسلین خان نے بھی خطاب کیا۔ میاں افتخار حسین نے بعد میں ذمہ داران کے ہمراہ خدائی خدمتگار مومن خان کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر انکی معفرت کیلئے دعابھی کی۔