12 مئی کا دن ملکی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، جسے آج بھی بھلانا مشکل ہے، اسفندیار ولی خان

12 مئی کا دن ملکی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، جسے آج بھی بھلانا مشکل ہے، اسفندیار ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ 12 مئی کا دن ملکی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، جسے آج بھی بھلانا مشکل ہے۔ دلخراش سانحے کے شہدا کے اہل خانہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ ججز اور وکلا سانحے کے چشم دید گواہ تھے لیکن آج تک ذمہ داران کا تعین نہیں کیا جاسکا۔ 

 

سانحے کے ذمہ دار اس وقت کی حکومتیں اور وہ تمام ادارے ہیں جن کا کام امن و امان برقرار رکھنا تھا۔سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے عدالتی ٹریبونل اور جے آئی ٹی کی رپورٹ آج تک سامنے نہیں آسکی۔ 

 

سانحہ 12 مئی کراچی کے دلخراش سانحے کی سولہویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ  اس وقت کے چیف جسٹس بحال ہونے کے بعد بھی متاثرین کو انصاف فراہم نہ کرسکے۔ دن دیہاڑے سینکڑوں سیاسی کارکنان کو خون میں نہلایا گیا، فیصلہ آج بھی انتظار کی سولی پر لٹک رہا ہے۔ 

 

انصاف تو دور آج تک سانحے میں شہدا کی تعداد کا تعین بھی نہیں کیا جاسکا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ آزادی کی تحریک چلی، شہادتیں ہوئیں لیکن سوال اٹھتا ہے کہ کیا آج بھی عدلیہ آزاد ہے؟ کیا آج فیصلے انتقام کیلئے نہیں بلکہ انصاف کا علم بلند رکھنے کیلئے کئے جاتے ہیں؟

 

بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں احتساب اور انصاف صرف سیاسی انتقام کیلئے کیا جاتا ہے۔ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی حقیقی بالادستی سے ہی شرپسند سوچ کی بیخ کنی ممکن ہے۔  نظام انصاف میں موجود پیچیدگیوں اور مشکلات کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔

 

 آج بھی عدالت عظمی کے جانبدار رویئے آئین اور قانون پر یقین رکھنے والوں کے لئے باعث تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اعلی عدالتوں کے فیصلے یہ واضح کررہے ہیں کہ ایک مخصوص طبقہ قانون اور آئین سے بالاتر ہے۔ 

 

اعلی عدالتوں میں لاکھوں کیسز زیر التوا ہیں لیکن عدلیہ کی دلچسپی کا محور محض ایک خاص طبقہ ہے۔عدلیہ کو اپنے فیصلوں سے یہ دکھانا ہوگا کہ قانون سب کیلئے ایک ہے اور کوئی بھی بالاتر نہیں۔ 

 

سانحہ 12 مئی  سمیت تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی تحریک کے تمام شہدا ہمارے لئے باعث فخر ہیں، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ملک میں حقیقی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی غیر جانبداری کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔