مصباح الحق اور وقار یونس قومی ٹیم کی کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار

مصباح الحق اور وقار یونس قومی ٹیم کی کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور  بولنگ کوچ  وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہوگئے۔

 

ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

 

مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

 

اس حوالے سے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، جانتا ہوں یہ آئیڈیل وقت نہیں مگر فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکوں۔

 

مصباح الحق نے کہا کہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔

 

وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان کے نوجوان بولرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں۔

 

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں، وقار یونس نے بھی جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے۔

 

وسیم خان نے کہا کہ ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔