موجودہ دور حکومت میں عوام کو روزگار کے مواقع میسر نہیں، سردار بابک

موجودہ دور حکومت میں عوام کو روزگار کے مواقع میسر نہیں، سردار بابک

بونیر(عمران بونیرینمائندہ شہباز)حلقہ پی کے 22 بونیرکے دور افتادہ علاقہ کھنڈر کٹی امازی میں بہادر شاہ اور سرتاج خان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی سے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

 

صدر زمان خان کی زیر صدارت شمولیتی تقریب میں صوبائی جنرل سیکرٹری وایم پی اے سردار حسین بابک،ضلعی صدر محمد کریم بابک،سابق وزیر مملکت استقبال خان،سابق امیدوار رؤوف خان،سابق نائب ناظم یوسف علی خان،سردار جہان،تحصیل صدر نصیب خان،ضلعی جنرل سیکرٹری امیر علی خان،صدر یوسف زادہ اور جاوید خان کے علاؤہ کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ہوشرباء مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی،آئے روز پٹرولیم مصنوعات،بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں،موجودہ حکومت میں عوام کو روزگار کے مواقع میسر نہیں جبکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے جس کی وجہ سے عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی کے خلاف کمر کس لی ہے اور پورے صوبے میں گذشتہ احتجاجی کیمپوں کے بعد اب 25 اکتوبر کو پورے صوبے کے ہر تحصیل میں احتجاجی مظاہرے کریگی۔

 

صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ترقیاتی منصوبے نہ ہونے کے باوجود اتنی مہنگائی ہے کہ غریب عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔مہنگائی ہر دور اور ہر حکومت میں آئی ہے لیکن موجودہ مہنگائی عوام کی استطاعت سے باہر ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ پختون قوم کو روزگار کے مواقع میسر نہیں کیونکہ افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے بند ہیں۔ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں تمام تر نامساعد حالات کے باجود پورے صوبے میں بے پناہ ترقیاتی کام کئے تھے اور پورے صوبے میں سکولوں،کالجوں،یونیورسٹیوں،سڑکوں اور پلوں کا جال بچھایا تھا جبکہ موجودہ حکومت کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ نہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ عوام مہنگائی کی وجہ سے فاقوں پر مجبور ہیں جبکہ حکومتی عہدادار ٹھس سے مس نہیں ہوتی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25 اکتوبر کے احتجاجی مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں اور حکومت پر مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے دباؤ ڈالے۔تقریب سے محمد کریم بابک،رووف خان،استقبال خان،نصیب خان،یوسف زادہ،زمان خان،سردار جہان اور امیر علی خان نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کے گھروں پر پارٹی جھنڈے لگائے اور انہیں مبارک باد دی۔