بونیر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائیگی، سردار بابک

بونیر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائیگی، سردار بابک

پشاور(نیوز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ بونیر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائیگی۔

 

جمعہ کے روز اسمبلی چیمبر آفس میں علاقے کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرہ تھانہ ٹو ڈھنڈار، کوگا سے ناوگئی، پولیس سٹیشن، اور نگرئی سے امبیلہ بازار سڑکوں کی حالت آمدورفت کے قابل نہیں رہے ہیں۔ عوام ایک اذیت سے گزررہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ امبیلا ٹو نگرئی روڈ بہت جلد ٹینڈر ہوجائیگا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منظور ہونے کے بعد اس کا پی سی ون بھی تیار ہوجائیگا اور بہت جلد ٹینڈر ہو کر اس پر کام کا آغاز ہوجائیگا۔ سرہ تھانہ سے ڈھنڈار، بابا بیڑ سے منگل تھانہ اور کوگا سے ناوگئی سڑکیں، ایشیائی ترقیاتی فنڈ میں منظور ہوچکے ہیں۔انشاء اللہ بہت جلد ضروری کارروائی کے بعد ٹینڈر ہوجائیں گے۔ لیکن بدقسمتی سے کرونا کے حالات اور حکومتی کارروائی میں وجوہات کی بنیاد پر تاخیر نے عوام کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

 

سردارحسین بابک نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد پی سی ون کی تیاری کا عمل شروع ہو کر ٹینڈر کیلئے تیار ہوجائیگا۔ انہوں نے علاقے کے تمام بزرگوں، مشران، نوجوانوں اور تمام عوام کو یقین دلایا ہے کہ وہ زندگی بھر سرخ جھنڈے تلے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

 

انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر کام کے آغاز کے وجوہات معلوم ہیں کہ یہ سارے صوبے کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ کسی ایک علاقے یا حلقے کا نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی مالیاتی اداروں کے منصوبے ہیں، فنڈز منتقل ہوگئے ہیں اور انشاء اللہ علاقے کی نمائندگی اور مسائل کے حل میں ہمہ وقت سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ علاقے کے عوام کو مطمئن رہنا چاہئیے۔ علاقے کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور حل کیلئے ہر وہ دروازہ کھٹکھٹانے میں فخر محسوس کریں گے جس سے پسماندگی اور بنیادی سہولیات کے حل ممکن ہو۔

 

انہوں نے کہا کہ علاقے کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں گے، یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور مشترکہ ذمہ داری کو عزت و احترام سے حل کریں گے، اپنے حق کیلئے ہم سب متفق ہیں۔