
شمالی وزیرستان، قبائلی رہنما شیر محمد نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل
قبائلی رہنما حاجی شیر محمد کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کلنگ کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
مقامی پولیس ذرائع کے مطابق منگل کو شام 6.30 بجے میرعلی کے قریب حاجی شیر محمد جانشین ایپی فقیر گاڑی میں اپنے دوسرے ساتھیوں سمیت جارہے تھے گاڑی سے نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے حاجی شیر محمد اور ان کا ساتھی رحیم اللہ ساکن خوشحالی گاؤں موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ گاڑی میں موجود ان کا ایک اور ساتھی ملک صوبیدار خان شدید زخمی ہوئے۔
وقوعہ کے بعد ٹارگٹ کلرز موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس نے متوفین اور زخمی کو قریبی میرعلی ہسپتال منتقل کردیا ۔
حاجی شیر محمد تحریک آزادی کے نامور ہیرو اور شمالی وزیرستان کے روحانی پیشوا حاجی میرزاعلی خان المعروف فقیر آف ایپی کے جانشین تھے اور قبائلی رہنما کے طور پر تنازعات کے حل کیلئے سرگرم رہتے تھے۔
واقعہ سے میرعلی بازار اور گردو نواح میں خوف و ہراس کہ لہر دوڑ گئی۔ سرکاری سطح پر اب تک اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں اسکا ہے اور نہ ہی کسی تنظیم یا فرد نے واقعہ کی زمہ داری قبول کی ہے۔