ملک بھر میں اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری، تعداد 138 متجاوز

ملک بھر میں اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری، تعداد 138 متجاوز

کراچی : پاکستان میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،کیسز کی مجموعی تعداد 138 تک جاپہنچی جبکہ مزید کیسزکے آنے کا امکان ہے۔

 

کراچی میں گزشتہ ایک ہفتے میں اومی کرون ویرینٹ کے 21 مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 54 ہوچکی جبکہ ملک بھر میں 138 سے زائد ہوچکی ہے۔

 

کراچی میں اومی کرون کیسزبڑھنے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دائرہ بڑھا یا جائے گا،محکمہ صحت کی سفارش پر جہاں کیسز رپورٹ ہوں گے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا یا جائے گا ۔

 

محکمہ صحت سندھ کی سفارش پر گلشن اقبال بلاک 7 میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کے بعد لاک ڈاؤن نافذکردیاگیا ہے۔

 

دوسری جانب وفاقی وزیرمنصوبہ اسد عمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرمیں اجلاس ہوا، جس میں کورونا کیسزکے اعدادو شمار، کیسز کے پھیلاؤ ،ویکسی نیشن پالیسی اور ضلعی سطح پرویکسی نیشن کے اہداف کا جائزہ لیا گیا ۔

 

این سی او سی اجلاس میں ویکسی نیشن کیلئےاقدامات سخت کرنےکافیصلہ کیاگیا۔

 

این سی اوسی کا کہنا ہے کہ کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے، 3دن میں کراچی میں مثبت کیسزکی شرح 2 سے بڑھ کر6 فیصد ہوگئی ہے،جس سے بچنے کیلئے شہری ویکسین لازمی لگوائیں ، ماسک کا استعمال اورسماجی فاصلے سمیت دیگر احکامات پرعملدرآمد کیا جائے ، ویکسی نیشن سے اومی کرون سے کم متاثر ہوتے ہیں ۔

 

این سی اوسی نے صوبوں کو ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف جلد حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔