مہنگائی کیخلاف پی ڈی ایم آج پشاور میں احتجاجی ریلی نکالے گی

مہنگائی کیخلاف پی ڈی ایم آج پشاور میں احتجاجی ریلی نکالے گی

مہنگائی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے آج پشاور میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور محمود خان اچکزئی سمیت دیگر قائدین شریک ہوں گے۔

 

پی ڈی ایم کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالجلیل جان کے مطابق پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی مارچ مفتی مرکزی قائدین کی قیادت میں محمود مرکز سے روانہ ہو گا۔

 

مارچ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیر پاؤ، محمود خان اچکزئی، اویس احمد نورانی، پروفیسر ساجد میر اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت دیگر قائدین شریک ہوں گے، قائدین ریلوے پل پہنچ کر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کریں گے۔

 

ریلی کی سکیورٹی کے فرائض جے یو آئی کی رضاکار تنظیم انصار الاسلام نبھائے گی جبکہ ریلی کی موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہے گی۔

 

اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے شہر کا ٹریفک پلان جاری کیا ہے جس کے مطابق موٹروے سے جی ٹی روڈ آنے والی گاڑیاں ناردرن بائی پاس سے اُتر کر چمکنی موڑ کے ذریعے شہر آسکتی ہیں۔

 

ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ شہری حیات آباد جانے کے لیے رنگ روڈ کا استعمال کرسکتے ہیں  اور  شہر سے موٹروے جانے والی گاڑیاں جی ٹی روڈ کے ذریعے چمکنی موڑ سے بذریعہ ناردرن بائی پاس جاسکتی ہیں۔

 

حیات آباد سے موٹروے جانے والی گاڑیاں بذریعہ رنگ روڈ پیرزکوڑی پل کے نیچے سے براستہ چمکنی موڑ جا سکیں گے۔

 

ٹریفک پلان کے مطابق کوہاٹ روڈ سے موٹروے جانے والے شہری انقلاب روڈ کا استعمال کریں جب کہ موٹروے سے چارسدہ روڈ اور دلہ زاک روڈ جانے والے ناردرن بائی پاس استعمال کریں، اس کے علاوہ چارسدہ روڈ اور دلہ زاک روڈ سے موٹروے جانے والے شہری ناردرن بائی پاس کا استعمال کریں گے۔